60

حج 2019ءکیلئے نیا سلوگن ”حاجی میرا استاد“ کے نام سے ہوگا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے حج پالیسی 2019ءکو حتمی شکل دے دی ہے، وزارت مذہبی امور نے حج 2019ءکیلئے نیا سلوگن ”حاجی میرا استاد“ کے نام سے ہو گا، سرکاری اسکیم کے تحت 436975 روپے فی حاجی ادا کرنے ہوں گے، حاجیوں کیلئے قربانی19451 روپے میں ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اس موقع پر اجلاس میں حج پالیسی 2019ءپر سیکرٹری مذہبی امور نے بریفنگ دی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کو بتایا گیا ہے کہ رواں سال حج کے لیے ایئر لائین کمپنیز نے حج کرایوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ شمالی اورجنوبی ریجن کیلئے فی حاجی1 لاکھ اور1 لاکھ 10 ہزارکرائے کا مطالبہ کیا ہے۔ ائیر لائن کمپنیاں کرائے میں اضافہ ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کی بنیاد پر کر رہی ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزارت مذہبی امور کے تحت حج سے متعلقہ بینکوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ سیکرٹری مذہبی امور نے بریفنگ میں بتایا کہ وفاقی حکومت نے حج پالیسی 2019ءکو حتمی شکل دے دی ہے۔ وزارت مذہبی امور نے حج 2019 کیلئے نیا سلوگن بنا لیا۔ اس سال حج ”حاجی میرا استاد“ کے نام سے ہو گا۔2019ءمیں 184210 پاکستانی حج ادا کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت 436975 روپے فی حاجی ادا کرنے ہوں گے۔ حاجی کیلئے اس سال قربانی 19451 روپے میں ہو گی۔ حاجیوں کو پانچ لیٹرآب زم زم لانے کی اجازت ہو گی۔ پہلی بار کراچی سے جانے والے حاجیوں کی امیگریشن کراچی ائیر پورٹ پر ہی ہو گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ ہر سال عمرہ کیلئے سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں پرعائد 2 ہزار ریال کا ٹیکس ختم کرنے کے حوالے سے سعودی عرب سے بات چیت ہوئی ہے تاہم ان کے جواب کا انتظار ہے۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران صابر حسین قائم خانی کے سوال کے جواب میں وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے ہر سال عمرہ ادا کرنے والے پاکستانیوں پر عائد دو ہزار ریال کا ٹیکس ختم نہیں ہوا تاہم اس حوالے سے سعودی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی ولی عہد کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا تھا جبکہ میرے سعودی ہم منصب سے بھی اس حوالے سے مذاکرات ہوئے ہیں تاہم فی الحال سعودی حکومت کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں