58

افغانستان صدارتی انتخاب کیلیے پولنگ مکمل، دھماکوں میں 2 افراد ہلاک 17 زخمی

کابل: افغانستان میں صدارتی انتخاب کے لیے ملک بھر میں ووٹنگ کے عمل کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اور اس دوران دو دھماکوں میں 2 افراد اور 17 زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں آج صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا، ننگر ہار اور قندھار کے دو پولنگ اسٹیشن پر دھماکے میں ایک مبصر سمیت 2 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے موجودہ صدر اشرف غنی سمیت 18 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ کامیاب امیدوار کو اس مرحلے میں 50 فیصد ووٹ درکار ہوں گے۔ صدارتی الیکشن میں رائے دہی کے لئے رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 9.6 ملین ہے۔
انتخابی عمل کو محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے جس کے لیے ملک بھر میں تقریباً 72 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں جب کہ مزید بیس سے تیس ہزار اہلکاروں کو کسی بھی وقت طلب کیا جا سکتا تھا۔
قبل ازیں طالبان جنگجوﺅں کی جانب سے مختلف علاقوں میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے تھے جس میں عوام کو الیکشن کے دن گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے دھمکی دی گئی تھی کہ پولنگ اسٹیشن میں تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ 1992ءسویت یونین کے افغانستان سے واپسی کے بعد مملکت کے چوتھے صدر کا انتخاب کیا جا رہا ہے اس سے قبل صبغت اللہ مجددی، برہان الدین، حامد کرزئی اور موجودہ صدر اشرف غنی صدارت کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں