517

آصف علی زرداری کا انٹرویو اچانک کیوں روک دیا گیا؟

اسلام آباد/لندن (پاکستان ٹائمز) حامد میر نے سابق صدر آصف علی زرداری کا ایک انٹرویو لیا جس میں آصف علی زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے لندن کے اسکینڈل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ”بہت جلد عمران خان کے کرتوتوں کا بھانڈا بھی پھوٹنے والا ہے“۔ خیال کیا جارہا ہے کہ آصف علی زرداری کا عمران خان کے لئے یہ انکشاف ان کے انٹرویو کو روکنے کا سبب بنا ہے۔ مگر حامد میر کے خیال میں یہ انٹرویو نہ وزیر اعظم ہاﺅس سے اور نہ پیمرا سے روکا گیا ہے، بلکہ یہ انٹرویو کچھ ایسی طاقتوں نے رکوایا ہے جو پردے کے پیچھے بیٹھی اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔ تاہم کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ لندن میں عمران خان کے حوالے سے عارف نقوی کی کمپنی ”ابراج“ سے پی ٹی آئی کو فنڈنگ کا معاملہ جلد منظرعام پر آرہا ہے۔ جس کے نتیجے میں عمران خان کی حکومت اپنے انجام کو پہنچے گی۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم نے خود یہ انٹرویو رکوایا ہے۔ واضح رہے کہ عارف نقوی لندن میں مالی خردبرد کے معاملے میں زیر تفتیش ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے صدر عارف علوی اور عمران خان سے بھی رابطہ کیا ہے۔ عارف نقوی نہ صرف عمران خان کے دوست ہیں بلکہ وہ آصف علی زرداری کے بھی بہت قریب سمجھے جاتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ”کے الیکٹرک“ بھی ان کی کمپنی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں