554

ادبی و ثقافتی ادارے ”اظہار“ کے زیرِ اہتمام کتابوں کی رونمائی اور سہ ماہی مشاعرہ

ادبی و ثقافتی ادارے ”اظہار“ کے زیرِ اہتمام، اردو کے معروف شاعر اور محقّق ڈاکٹر تقی عابدی کے زیرِصدارت
جناب حمایت علی شاعر کا تعزیتی ریفرنس، جناب راشد حسین راشد اور محترمہ نورِ شمع نور صاحبہ کی کتابوں کی رونمائی اور سہ ماہی مشاعرہ

جناب راشد حسین راشد کی کتاب ”رقصِ جنوں“ اور محترمہ نورِ شمع نور صاحبہ کی کتاب ”دستکِ امکاں“ کی رونمائی ، ٹورانٹو کے منتخب شعرا، شاعرات اور سامعین کی شرکت اور خوبصورت محفلِ مشاعرہ

مسی ساگا (پ ر) 3 اگست 2019 ءکو کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں ٹورانٹو کی فعال ادبی اور ثقافتی تنظیم ”اظہار“ کی جانب سے ایک نشست کا اہتمام کیا گیا، جس کی مہمانِ خصوصی، پروفیسر رضیہ سبحان تھیں۔ نشست کی صدارت معروف شاعر، محقّق اور کئی کتابوں کے مصنّف ڈاکٹر سیّد تقی عابدی نے کی جب کہ مہمانانِ اعزازی ڈاکٹر ثروت رضوی پاکستان سے اور معروف شاعرہ اور دانشور محترمہ نزہت صدیقی صاحبہ نیویارک سے تشریف لائی تھیں۔ اس محفل میں ٹورانٹو کے منتخب شعرا اور شاعرات کے علاوہ بڑی تعداد میں باذوق سامعین نے بھی شرکت کی۔ ”اظہار“ کے دیگر مشاعروں کی طرح اس تقریب کا بھی کوئی ٹکٹ نہیں تھا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول سے ہوا۔ ادارے کی روحِ رواں محترمہ ذکیہ غزل نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس کے بعد اردو دنیا کے مشہور و معروف شاعر جناب حمایت علی شاعر صاحب کے انتقال پر تعزیتی کلمات ادا کیے۔ اس موقع پر ٹورانٹو کے شاعر فیصل عظیم نے ”اظہار“ اور تقریب کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جناب حمایت علی شاعر کے بیٹے، مشہور افسانہ نگار ڈاکٹر بلند اقبال نے اس موقع پر اپنے والد کی یاد میں ایک بہت دلگداز اور پر اثر تحریر پڑھ کر سنائی۔

تقریب کے دوسرے دور میں جناب راشد حسین راشد کی کتاب ”رقصِ جنوں“ اور محترمہ نورِ شمع نور صاحبہ کی کتاب ”دستکِ امکاں“ کے بارے میں پروفیسر رضیہ سبحان اور ڈاکٹر تقی عابدی صاحب نے مقالات پڑھے۔ پھر چائے اور نماز کے وقفے کے بعد کتابوں کی باقاعدہ رونمائی ہوئی۔ جناب راشد حسین راشد اور محترمہ نورِ شمع نور، جو شریکِ حیات بھی ہیں، اس موقع ہر ایک نئی اور دلچسپ طرز اختیار کرتے ہوئے، ان دونوں نے ایک دوسرے کے فن اور شخصیت پر بحیثیت شاعر اور شریکِ زندگی کے اپنے اپنے خیالات پیش کیے۔
تقریب کے تیسرے حصّے میں مشاعرہ تھا جس کی نظامت کے فرائض، میزبان محترمہ ذکیہ غزل نے انجام دیے۔ اس موقع پر شعرا نے اپنے خوبصورت کلام سے محفل کو گرما دیا اور اہلِ ذوق کی بھرپور داد اور دلچسپی نے مشاعرے کو یادگار بنا دیا۔ مشاعرے میں اپنا کلام سنانے والے شعرا کے نام یہ ہیں۔ صدرِ محفل جناب ڈاکٹر تقی عابدی، پروفیسر رضیہ سبحان، نزہت صدیقی، ثروت رضوی، رشید صدیقی، کرامت غوری، ذکیہ غزل، پروین سلطانہ صبا، اسما ناز وارثی، فیصل عظیم، طارق حسین، ناظم الدّین مقبول، حشام سیّد، خالد رو¿ف قریشی، بشارت ریحان، ڈاکٹر اسد نصیر، بابر عطا اور شگفتہ صدیقی۔ اپنے صدارتی خطبے میں ڈاکٹر تقی عابدی صاحب نے ”اظہار“ اور ذکیہ غزل صاحبہ کی خدمات، کاوشوں اور لگن کو سراہا اور محفل کی زبردست کامیابی پر مبارکباد دی۔ آخر میں محترمہ ذکیہ غزل نے سب حاضرین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تقریب رات گئے پر تکلّف عشائیے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں