کراچی: عباسی شہید اسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کلینکل نے اسکول کے کمسن طلبہ و طالبات کے لیے بھاری بھرکم بستوں (بیگ) کو خطرناک قرار دیتے ہوئے شہر کے تمام اسکول ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپل کو ایک خط ارسال کیاہے۔
ڈاکٹر نعمان کی جانب سے ارسال کیے جانے والے خط میں اسکول پرنسپل کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی ہے کہ کم عمرمعصوم طلبہ بھاری بھرکم اسکول بیگ کاندھوں پر لٹکائے اسکول جاتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ریڑھ کی ہڈی، گردن اور کاندھوں میں مستقل درد کا شکار ہو رہے ہیں جو تشویش کی بات ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ روزانہ ان کے پاس آنے والے بچوں میں گردن ، کمر اور کندھوں پر درد کی شکایت عام دیکھنے میں آرہی ہے جس کی وجہ اسکول کے بھاری بستے اور بیگ ہیں میں نے بحیثیت ایک ڈاکٹر کمسن طلبہ کے اسکول کے ان بھاری بستوں کی وجہ سے ہونے والے جسمانی درد کے معاملے کو انتہائی حساس اور اہم پایا ہے تاہم میں اساتذہ اور پرنسپل سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بچوں کی پڑھائی کے حوالے سے ایسا نظام بنائیں کہ صرف وہی کاپیاں اور کتابیں منگوائی جائیں جن کی اسکول میں پڑھائی کے وقت ضرورت ہو تاکہ کمسن بچوں کے اسکول بیگ بلاوجہ وزنی نہ ہو پائیں اور وہ کم عمری میں گردن، ریڑھ کی ہڈی اور کندھوں کے درد میں مبتلا ہونے سے بھی بچ سکیں۔