افغانستان مکمل آزاد ہو گیا، جشن کا سماں، حکومت سازی فائنل 496

افغانستان مکمل آزاد ہو گیا، جشن کا سماں، حکومت سازی فائنل

شکاگو/ٹورنٹو (پاکستان ٹائمز) طالبان کی سپریم کونسل کا تین روزہ اجلاس اہم فیصلوں کے بعد اختتام پذیر ہوا جس میں آئندہ حکومت سازی سے متعلق فیصلے کئے گئے جن کا اعلان بہت جلد متوقع ہے اور طالبان کے سیاسی امور کے نائب ملا عبدالغنی برادر کئے گئے فیصلوں کے اعلان کے لئے کابل پہنچ گئے ہیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ سپریم کونسل کا تین روزہ اجلاس ملا ہیبت اللہ کی زیر صدارت قندھار میں ہوا، اجلاس میں افغانستان کی سیاسی اور سیکورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اشیائے ضرورت کی حفاظت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام سے اچھے برتاﺅ کا فیصلہ کیا گیا تاکہ لوگوں میں پیدا شدہ خوف کی فضا کو ختم کیا جا سکے اور زندگی کو معمول پر لایا جائے۔ اجلاس میں حکومت اور کابینہ کی تشکیل کے متعلق بھی اہم فیصلے کئے گئے۔ اس اجلاس کے خاتمہ پر کئے گئے فیصلوں کے اعلان کے لئے سپریم کونسل کے ارکان کابل پہنچ گئے ہیں جہاں کسی بھی وقت کابینہ کا اعلان متوقع ہے۔ یاد رہے کہ طالبان نے واشگاف الفاظ میں اعلان کیا تھا کہ جب تک ایک بھی امریکی فوجی افغانستان میں باقی ہے، کابینہ کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔ یوں امریکی اور نیٹو فورسز کے مکمل انخلاءکے بعد طالبان نے افغانستان اور کابل ایئرپورٹ کوبھی اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ دوسری جانب وادی پنج شیر میں ابھی مزاحمت جاری ہے اور احمد مسعود نے اعلان کیا ہے کہ حکومت سازی میں شامل کیا گیا تو مزاحمت ختم کردیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں