اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد منظور 125

اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد منظور

اسلام آباد (بشکریہ نیویارک۔ عظیم ایم میاں جنگ) اقوام متحدہ نے آخرکار اس بات کا اعتراف کرلیا کہ دنیا بھر میں اسلام کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے اور مذہبی عدم برداشت کے سبب ماضی میں کئی ایک سنگین واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 15 مارچ کو عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا کے حوالہ سے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ اس قرارداد کی منظوری سے بھارت، فرانس اور دیگر یورپی ممالک میں بے چینی دیکھنے میں آئی اور ان ممالک کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس قرارداد کی منظور پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اسلاموفوبیا ایک حقیقت ہے اور اس کا ازالہ کیا جانا چاہئے۔ منیر اکرم نے مزید کہا کہ اسلاموفوبیا کے نتائج نفرت انگیز تقاریر، مذہبی امتیاز اور مسلمانوں کے خلاف جرائم ہیں اور یہ دنیا کے کئی خطوں میں پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں اور کمیونیٹیز کے ساتھ تفریق، دشمنی اور تشدد جیسے اقدامات ان کے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے اور ان کی مذہبی آزادی اور عقائد کے خلاف ہے اور اس کے نتیجہ میں اسلامی دنیا میں شدید تکلیف محسوس کی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں