761

انتخابات سے قبل دہشت گرد حملوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں، پاکستان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختون خوا میں انتخابی امیدواروں پر دہشت گردانہ حملوں سے پاکستان خوفزدہ ہونے والا نہیں ملک میں جمہوری انتخابی عمل جاری رہے گا۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، وادی میں گزشتہ ہفتے 23 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی میڈیا کوریج پر پابندی لگائی جارہی ہے بھارتی مظالم کو رپورٹ کرنے والے کشمیری صحافی عاقب جاوید کی این آئی اے میں طلب کرنا اور جھوٹے مقدمات میں آسیہ اندرابی کے 30 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیم کی کشمیر کے بارے میں رپورٹ نے بھارتی پراپیگنڈے کو ناصرف مسترد کر دیا بلکہ رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بدترین مظالم کی قلعی کھول دی، عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پشاور اور مستونگ میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کرنے کے بعد کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات نے پوری قوم کو غمزدہ کیا تاہم انتخاباب سے قبل ایسے دہشت گردانہ حملوں سے پاکستان خوفزدہ ہونے والا نہیں ملک میں جمہوری انتخابی عمل جاری رہے گا اور پوری قوم بھی صاف شفاف انتخابات کے لیے پرعزم ہے، دوست ممالک کی جانب سے واقعات پر غم بانٹنے پر انکے شکر گزار ہیں۔ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ بھارت گزشتہ برس اپنے جاسوس اور کمانڈر کلبھوشن یادیو کا کیس عالمی عدالت انصاف لے کر گیا تھا، پاکستان نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت میں بھارت کے جواب الجواب کا جواب بھی جمع کرادیا ہے، بھارت اس بات کا جواب نہیں دے سکا کہ کلبھوشن کے پاس حسین مبارک کا پاسپورٹ کیسے آیا، اگر یہ پاسپورٹ اصلی ہے تو کلبھوشن 17 مرتبہ پاکستان میں کیسے داخل ہوا، پاکستان نے کمانڈر یادیو کے حوالے تمام شواہد اقوام متحدہ اور امریکا کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں