Latest Column, Latest Urdu Column Rabia Ehsan 78

انتظار کی نمی

اے سی اور بند کمروں سے دل گھبرانے لگا تو ڈھلتی شام میں کھڑکی کو پورا کھول کے پاس پڑے صوفے پہ بیٹھ کر باہر شور مچاتی ہوا کی آواز بے حد پرسکون لگی۔ یہ کھڑکی ، یہ صوفہ کسی لگڑری سے کم نہیں میرے لئے۔ ابھی دو دن پہلے رات کو تیز بارش ہورہی تھی تو میں نے تب بھی ایسے ہی پوری کھڑکی کھول دی اور اندھیرے میں ہوتی بارش کی تیز رم جھم سننے لگی۔ مٹی کی خوشبو نے دن بھر کی تھکن کو زائل کردیا۔ پردیس کی مٹی بھی شاید یہاں کے لوگوں کی طرح مصروف رہتی ہے اسے بھی پانی کے چھینٹوں سے خوشبو کشیدنے کا وقت نہیں ملتا۔۔
وقت سے بھاگنے والے لوگ چاہتے بھی تو یہی ہیں کہ وقت تیزی سے گزرجائے اور وہ خود کسی بھی وقت سے تیزی سے نکل جائیں۔ اور یہی وہ نقطہ ہے جدھر وقت ٹھہرنے لگ جاتا ہے۔ کبھی کبھی کسی کتاب کے ورقے میں ایسی روشنی ملتی ہے کہ اس لمحے سے باہر نکلنے کو دل ہی نہیں کرتا۔اور جب کوئی ناول جسے لاکھ جلدیاں کرنے کے باوجود پورا کرنے میں چند سال لگ جائیں۔ ہم ان تمام کرداروں کے ساتھ جینے لگ جائیں ان فضاو¿ں میں سانس لے کر اپنے ہونے کے محسوس کرنے لگ جائیں۔پھر بالآخر ناول اختتام کے قریب پہنچ جائے۔سارے کردار بوڑھے ہوچکے ہوں یا مرچکے ہوں تو ہم بھی ان کرداروں کے ساتھ کبھی بوڑھے ہونے لگتے ہیں اور کہیں کہیں تو دکھ اتنا بھرنے لگتا ہے کہ مرہی جاتے ہیں

ہم نہ صرف زندگی میں کئی بار جیتے ہیں بلکہ بہت بار مرنے کے باوجود پھر جی اٹھتے ہیں کہ انسان کی مردہ آنکھوں تک میں زندگی کی رمق آخری لمحوں تک چمکتی رہ جاتی ہے۔ وقت کی تیز رفتاری سے اکثر دل چاہتا ہے کہ خالص قدرت کے قریب تر لمحے چرائے جائیں۔ ایسے پل جن میں کوئی بناوٹ نہ ہو نہ کوئی تفصیل۔۔بارش اور ہوا ہو اور کھلا آسماں! جہاں تک نظر جاسکے سرسبز پہاڑ وادیاں ہوں اور اسی سبزے سے بھرے پہاڑ۔ سکوت ، خاموشی کیونکہ قدرت کے رنگوں سے بھرے ایسے پراسرار مقامات پر صرف سکون کے متلاشی جاسکتے ہیں سو ایسی جگہوں پر شور کا کوئی دخل نہیں اسی لئے ہلکی سی آواز تک گونجنے لگتی ہے۔
دور ایستادہ کسی کچے گاو¿ں کی پگڈنڈیوں پر پوری آپ و تاب سے بنا گیا کوئی افسانہ ، کوئی ناول ہو اور وہ لگن کہ اسے ختم کرنے سے پہلے یہاں سے ہلنا نہیں ہے چاہے جو ہوجائے۔ پرانے دنوں میں لگتا تھا زندگی ایسے ہی بیتے گی۔۔پر ایسا نہیں ہوا۔ وقت بھاگتا رہا اور زندگی ٹھہرگئی۔
ظلم تو یہ ہوا کہ کسی آنکھ میں انتظار کی نمی ٹھہر گئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں