بیجنگ: چین نے دنیا میں عدم استحکام کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے شہر ناگویا میں ابھرتی ہوئی اور ترقی یافتہ اقتصادیات کے حامل ممالک کے گروپ جی-20 کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی۔
وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ امریکا دنیا بھر میں عدم استحکام کا باعث بننے والا ملک ہے، امریکی حکام اور سیاست دان چین کے خلاف بے بنیاد اور نفرت آمیز مہم چلانے میں مصروف ہیں، اس کے باوجود چین خطے میں استحکام کی خاطر امریکا سے تجارتی معاہدوں کی بحالی کا خواہش مند ہے۔
وزیر خارجہ نے چین اور امریکا کے درمیان تجارتی اختلافات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کے مذاکرات میں پہل کرنے کو امریکی بالادستی تسلیم کرنے سے نہ جوڑا جائے۔ دونوں ممالک تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
376