377

دہشت گردی کیخلاف امریکی تعاون اہم ہے، صدر ممنون

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے امریکی تعاون بہت اہم ہے۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ خطے میں دہشتگردی سے پاکستان بہت زیادہ متاثر ہوا، دہشتگردی کے اس سلسلے سے نمٹنے کیلئے امریکی تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

آئزن ہاور فیلو شپ کے صدر جارج ڈی لاما سے بات چیت کرتے ہوئے صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ انسانی وسائل کی ترقی کیلیے آئزن ہاور فیلو شپ پروگرام کی خدمات نہایت اہم ہیں، اس ادارے سے تربیت پانے والے ماہرین انسانیت کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر آئزن ہاور فیلو شپ کے صدر جارج ڈی لاما نے کہا کہ ان کا پاکستان کا دورہ بڑا خوشگوار رہا۔

اس موقع پر انڈس ہسپتال کراچی کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبدالباری خان اور پاکستان میں آئزن ہاور پروگرام کے فیلوز بھی موجود تھے،صدر نے کہا کہ آئزن ہاور فیلو شپ پروگرام زندگی کے مختلف شعبوں کے ماہرین کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،انھوں نے توقع ظاہر کی کہ آئزن ہاور فیلو شپ اور پاکستان کے درمیان تعاون کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

علاوہ ازیں صدرمملکت سے پاک فضائیہ کے سبکدوش ہونیوالے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی، صدر نے پاک فضائیہ کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکی قیادت میں پاک فضائیہ نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس سلسلے میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی،صدر مملکت نے ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ائر چیف مارشل سہیل امان نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں