سائفر سیاسی ڈرامہ کے علاوہ کچھ نہیں تھا، عمران خان کے سیکریٹری اعظم خان کا اقبالی بیان 127

سائفر سیاسی ڈرامہ کے علاوہ کچھ نہیں تھا، عمران خان کے سیکریٹری اعظم خان کا اقبالی بیان

اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) سابق وزیر اعظم عمران خان کے سیکریٹری اور قریبی ساتھی سمجھے جانے والے اعظم خان نے اپنے اقبالی بیان میں کہا ہے کہ سائفر ایک سیاسی ڈرامے کے علاوہ کچھ نہیں تھا اور یوں عمران خان سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، ان پر مقدمہ چلا کر ان پر آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے، پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا اس سلسلہ میں کہنا ہے کہ امریکی سائفر سے متعلق ہونے والی تحقیقات اور سابق بیوروکریٹ اعظم خان کے بیان کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی مشکلات کا شکار ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ رانا ثنا اللہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جہاں انہوں نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی عمران خان کے اس جرم میں برابر کا شریک قرار دیا۔ ان کے مطابق اس مقدمہ کا فیصلہ خصوصی عدالت کرے گی۔ اس معاملہ کی تحقیقات شروع ہو چکی ہیں اور ایف آئی اے نے عمران خان کو 25 جولائی کو طلب کر رکھا ہے۔ ایف آئی اے نے 24 جولائی کو پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو بھی طلب کر لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ متعلقہ کیس کا تمام ریکارڈ اور شواہد ساتھ لے کر آئیں۔ دوسری جانب اعظم خان کے حوالہ سے عمران خان کا کہنا تھا کہ اعظم خان ایک نیک آدمی ہیں۔ وہ حکومت کا آلہ کار نہیں بنیں گے۔ رانا ثنا اللہ سے پوچھا گیا کہ اعظم خان تو لاپتہ تھے تو پھر اچانک کیسے منظرعام پر آگئے تو رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد میں ایک دوست کے گھر پر تھے اور کافی غور و خوض کے بعد انہوں نے اقبالی بیان دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں