641

سجل علی بھارت کے بعد چین میں بھی جلوے بکھیرنے کیلئے تیار

ممبئی: نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی بھارت کے بعد چین میں بھی دھوم مچانے کے لیے تیار ہیں۔ دوبرس قبل ریلیزہونے والی پاکستانی اداکارہ سجل علی اورعدنان صدیقی کی پہلی بالی ووڈ فلم”مام“بھارتی باکس آفس پر کمال دکھانے کے بعد اب چین میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی کہانی ماں اوربیٹی کے جذباتی اور خوبصورت رشتے کے گرد گھومتی ہے جس میں سجل علی نے بالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی کا کردار نبھایا ہے۔
بھارتی کمپنی زی اسٹوڈیوکی بین الاقوامی سربراہ ویبھا چوپڑا کا کہنا ہے کہ چین بھارتی فلموں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے، بالی ووڈ فلمیں چین میں بہت زیادہ بزنس کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ فلم کو چین میں ریلیز کیے جانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔
انہوں نے مزید کہا یہ فلم ہماری طرف سے ان تمام ماﺅں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو اپنے بچوں کو مشکلات سے نکالنے کے لیے کچھ بھی کرنے کے لیے تیار رہتی ہیں۔ فلم کو ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ22 مارچ کو چین میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم کچھ وجوہات کی بنا پر فلم کو مقررہ تاریخ پر ریلیز نہیں کیا جاسکا لہٰذا اب ”مام“10 مئی 2019 کو چین میں ریلیز کی جائے گی۔
دوبرس قبل ریلیز ہونے والی پاکستان کی خوبرو اداکارہ سجل علی اور اداکار عدنان صدیقی کی فلم ”مام“اس لیے بھی خاص تھی کیونکہ اس میں بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی نے 5 سال بعد فلموں میں واپسی کی تھی فلم میں سری دیوی نے سجل علی کی ماں اورعدنان صدیقی کی بیوی کا کردار نبھایا تھا۔ بعد ازاں فلم ”مام“سری دیوی کی آخری فلم ثابت ہوئی اور 2018 میں سری دیوی اپنے تمام چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر دنیا سے چلی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں