462

‘شائقین سے معذرت خواہ ہوں’ شاہد آفریدی

شاہد آفریدی کو انجری کی وجہ سے ملتان سلطان کے خلاف میچ کیلئے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں آج کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان شیڈول میچ میں کراچی کنگز نے انجری کا شکار شاہد آفریدی کا انتخاب نہیں کیا تھا جس پر شاہد آفریدی نے اپنے شائقین سے معذرت کر لی ہے۔
شارجہ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان شیڈول میچ میں کراچی کنگز کے قائد عماد وسیم نے ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور میچ میں شاہد آفریدی کی عدم دستیابی کا اعلان کر کے سب کو حیران کردیا جو انجری کا شکار ہیں۔
کراچی کنگز کے کوچ مکی آرتھر نے بتایا کہ وارم اپ کے دوران آفریدی کو گھٹنے میں تکلیف محسوس ہوئی اور آج ان کا ایم آر آئی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شارجہ میں پاکستانی ٹیم خصوصاً شاہد آفریدی کے مداح بڑی تعداد میں موجود ہیں اور آج جمعہ ہونے کی وجہ سے شائقین نے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کیا جس میں سے شائقین کی بڑی تعداد کے ہاتھوں میں شاہد آفریدی کے نام کے بینر نمایاں تھے۔
شاہد آفریدی نے بھی میچ میں عدم دستیابی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے شائقین سے معافی مانگ لی۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے ان تمام شائقین سے معذرت خواہ ہوں جنہوں نے مجھے دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ میرے گھٹنے کا ایم آر آئی ہوا ہے۔ آپ سب کی دعاو¿ں کا طلبگار ہوں اور انشااللہ جلد میدان میں واپسی کروں گا’۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ناقابل شکست کراچی کنگز سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ملتان سلطان آج ایک پوائنٹ ملنے کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔
ٹیبل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے، پشاور زلمی چوتھے، اسلام آباد یونائیٹڈ پانچویں اور لگاتار تین شکستوں سے دوچار ہونے والی لاہور قلندرز کی ٹیم چھٹے اور آخری نمبر پر موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں