امریکہ کی طاقت اور پاکستانیوں کی خام خیالی 351

شمالی امریکہ کے سیاہ فارم شہری اور مسلم تنظیمیں

یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ شمالی امریکہ میں سیاہ فاموں کو تقریباً چارسو سال سے نسل پرستی اور حقوق سے محرومی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہیں اپنے حقوق اور انسانی مساوات کی ہر جنگ تنہا ہی لڑنا پڑی ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ کئی دہایﺅں سے عام امریکی مسلمان اس جدو جہد سے نہ صرف دور رہے ہیں بلکہ وہ خود بھی بارہا سیاہ فاموں کے خلاف نسل پرستی میں یا تو کسی طور شامل رہے ہیں، یا وہ اس ضمن میں ایک مجرمانہ خاموشی اختیار کرتے رہے ہیں۔
سیا فاموں نے تنگ آمد بجنگ آمد کے تحت Black Lives Matter کی تحریک شروع کی جو جلد ہی ساری دنیا میں پھیل گئی۔ اس تحریک کی مخالفت میں سفید فام نسل پرستوں نےAll Lives Matter کا نعرہ اٹھایا۔ جس کا مقصد لوگوں کی توجہ سیاہ فام تحریک سے ہٹانا تھا۔ دیکھا گیا کہ عام مسلمان بھی یہ نعرہ اٹھانے لگے، گویا وہ خود کو سیاہ فاموں سے الگ یا برتر جانتے تھے۔ مسلمانوں کے انسانی حقوق کی تحریکیں بھی روایتی طور پر سیاہ فاموں سے دور رہیں۔
اس حقیقت کو حال ہی میں ایک ممتاز دانشور ڈاکٹر امین حسین نے اپنے ایک مضمون میں بیان کیا ہے ، اور اس فرق کی وجہہ یہ بتائی ہے کہ گزشتہ کئی دہایﺅں میں شمالی امریکہ میں مسلمان مہاجر معاشی طور پر سیاہ فاموں سے بہت بہتر رہے ہیں۔ ان کے اپنے اندر کی نسل پرستی بھی انہیں سیاہ فاموں سے الگ تھلگ رکھتی رہی۔
یہاں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ امریکہ میں اولین مسلمان سیاہ فام غلام تھے جو خود سیاہ فاموںمیں ایک اقلیت تھے۔ ان میں سے کئی جبراً عیسائی بنادیئے گئے۔ بیسویں صدی کی چوتھی دہائی میں امریکہ میں Nation of Islam کی تحریک چلی اور یوں سیاہ فام مسلمانوں کی ایک منظم جماعت بنی۔ اس کی روایات عام مسلمانوں سے مختلف ہیں۔ یوں مسلمان ان کو علیحدہ سمجھتے رہے، بلکہ اکثر اس کی مخالفت کرتے رہے۔ اس گروہ میں معروف باکسر محمد علی اور حقوق کی تحریک کے رہنما مالکم ایکس جیسی شخصیات شامل تھی۔ بیسیویں صدی کی پانچویں دھائی سے امریکہ میں مشرق وسطٰی اور جنوبی ایشیا سے مہاجرین کی بڑی تعداد یہاں بسنے آئی۔ ان میں جو مسلمان تھے وہ اکڑ سنّی اسلام سے تعلق رکھتے تھے۔ یہ اپنے ساتھ عام روایات ، فقہہ، اور شریعت لے کر آئے۔ ان کی انجمنیں جن میں پہلے ISNA اور پھر ICNAشامل تھیں ، سیاہ فام مسلمانوں کو روایتی اسلام کی تبلیغ کرتے رہیں۔ یہ عموماً سعودی عرب سے مدد اور رہنمائی لیتے تھے۔ انہوں نے Nation of Islam کی ایک طرح سے مخالفت کی۔ بلکہ کھلے بندوں عام مسلمانوں میں اس مخالفت کا پرچار بھی کیا۔
یہاں یہ بھی مدِ نظر رہے کہ امریکی سیاہ فامو ں کی غالب اکثر غیر مسلم ہے۔ ان میں مسلمان زیادہ سے زیادہ ایک یا دو فی صد ہیں۔ یوں سیاہ فام اکثریت اور عام مسلمانوں میں مذہب کا فرق بھی تفرقہ کا باعث بنا۔ رنگت اور مذہب کے اسی فرق نے سیاہ فاموں اور عام مسلمانوں میں حقوق کی جد و جہد میں بھی دوری رکھی۔ 911 کے بعد مسلمان تنظیموں نے یہودیوں
کے -Semitism Anti کے مقابلہ میں Islamophobia کا نعرہ لگایا۔ اس نعرہ کے پس منظر میں ہر غیر مسلم ، اسلامو فوبیا کرنے والے سمجھا جاتا ہے۔
اب جب Black Lives Matter کی تحریک شروع ہوئی تو مسلم تنظیموں نے اس سے دانستہ اور غیر دانستہ دوری رکھی۔ نہ صرف دوری، بلکہ سفید فام نسل پرستوں کی تقلید میں مسلمان بھی All Lives Matter کے جھانسے میں آنے لگے۔ پڑھے لکھے مسلمان اور خود کئی مسلم رہنما بھی کھلے بندوں یا درپردہ اس نعرہ کی حمایت کرنے لگے۔ ایسا سوشل میڈیا پر زیادہ نظر آیا۔
حال ہی میں پولس کے ہاتھوں ایک پاکستانی مسلمان کے قتل کے بعد کینیڈا میں ان کے ہمدردوں نے All Lives Matter کے نعرے اور بینر اٹھائے۔ ستم ظریفی کہ ان کے باقی سب نعرے Black Lives Matter والوں ہی کے تھے۔ ہم اپنی گزشتہ تحریروں میں یہ لکھتے رہے ہیں کہ شمالی امریکہ میں سفید فام نسل پرست ہر دیگر نسل کے خلاف ہیں۔ انہیں اس میں بھورے، گندمی، پیلے کا فرق نظر نہیں آتا۔
یہاں یہ بھی ذہن میں رہے کہ امریکہ میں اور اب کینیڈا میں کئی چھوٹے کاروبار مسلمانوں کے ہیں۔ وہ یک طرفہ پروپگنڈے کے تحت یہ سمجھتے ہیں کہ سب سیاہ فام چور اور مجرم ہیں۔ اور وہ ان کے ساتھ اسی طرح کا برتاﺅ کرتے ہیں۔ یہاں ایک اہم حقیقت یہ بھی ہے کہ امریکی سیاہ فام جورج فلوئڈ پر جسے پولس نے بہیمانہ طور پر ہلاک کیا، چوری یا جعل سازی کا الزام لگانے والی ایک عرب ملکیت کی دوکان تھی۔ اس واقعہ کے بعد اب اس دکان کے مالکان نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ان کی کوئی بھی شاخ چھوٹے موٹے معاملوں میں پولس کو شامل نہیں کرے گی۔
اب یہ بھی سننے میں آرہا ہے کہ انسانی حقوق کی بعض مسلمان تنظیمیں، سیاہ فاموں کے ساتھ جدو جہد کرنے کو تیار ہو رہی ہیں۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ کاش ایسا ہو سکے۔ اب تک اس کو ایک خام خیالی ہی سمجھا جا رہا ہے۔ عملی حقیقت میں شاید ابھی وقت لگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں