اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر، وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہان نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد پیش کی ہے۔ صدر ممنون حسین نے عیدالاضحیٰ پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیلؑ کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے، آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔
صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہم سب کو عید الاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں، ہمیں اپنے تمام تر مفادات اور تعصبات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عید الاضحی کی خوشیوں میں ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھنا چاہیے جو معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں، ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس خوشی سے محروم نہ رہ جائے، ہمیں وطن کے ان معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی کے لیے جانیں قربان کیں۔
اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس، نیول چیف اور ایئر چیف نے بھی قوم کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو امن اور ترقی عطا کرے۔
636