734

عمران طاہر کی ہیٹ ٹرک، گلیڈی ایٹرز 102 رنز پر ڈھیر

پاکستان سپر لیگ کے 13ویں میچ میں عمران طاہر کی شاندار ہیٹ ٹرک سمیت بائولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 102 رنز پر ٹھکانے لگا دیا۔
شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز نے تاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سرفراز احمد کے سوا کوئی بھی بلے باز متاثر کن کھیل پیش نہ کر سکا جنہوں نے 30 رنز بنائے۔
ایک موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 12 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ باآسانی 150 رنز بنانے میں کامیاب رہیں گے لیکن گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کے غیر ذمے دارانہ کھیل اور ملتان سلطانز کے بائولرز کی عمدہ بائولنگ نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا۔
اس کے بعد سہیل تنویز نے لگاتار گیندوں پر محمد نواز اور سرفراز کو چلتا کیا جس کے بعد عمران طاہر نے اگلے ہی اوور میں لگاتار تین گیندوں پر حسان خان، جان ہیسٹنگز اور راحت علی کو آئوٹ کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر کے کوئٹہ کی بساط 102 رنز پر لپیٹ دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بدترین بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے آخری پانچ وکٹیں صرف ایک رن کے اضافے سے گنوائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں