631

فضل الرحمن سے بات چیت کا الیکشن سے پہلے اچھا نتیجہ نکلے گا، اعتزاز احسن

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے امید ظاہر کی ہے کہ الیکشن سے قبل مولانا فضل الرحمن سے بات چیت کا اچھا نتیجہ نکلے گا۔
اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماو¿ں نے پارلیمنٹ لاجز میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل سے ملاقات کی اور صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کو ووٹ دینے کی درخواست کی۔ وفد میں اعتزاز احسن، پی پی پی سیکرٹری جنرل نیئر بخاری، سینیٹر شیری رحمن، چوہدری منظور شامل تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ پی پی پی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے لوگ بھی ہمارے پاس آئے ہیں، ہم ایسا فیصلہ کرنے کی کوشش کریں گے جس سے وفاق مضبوط ہو۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ سردار صاحب نے سی پیک اور لاپتہ افراد سمیت مختلف مسائل پر بات کی، زیادہ تر بلوچستان کے مسائل پر گفتگو کی گئی، مولانا فضل الرحمن کے ساتھ معاملات ابھی چل رہے ہیں، وہ ایک معتبر سیاست دان ہیں اور ان کا ایک مقام ہے، ہم کسی صورت ان پر حرف نہیں لانا چاہتے۔
اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے مولانا صاحب ہمارے حق میں دستبردار ہو جائیں، جبکہ مولانا کی کوشش ہے ہم دستبردار ہو جائیں، اس پر انتخابات سے پہلے کوئی اچھا نتیجہ نکلے گا۔
اعتزاز احسن کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا وفد آج کراچی جائے گا اور مختلف سیاسی جماعتوں سے صدارتی ووٹ کیلئے ملاقاتیں کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں