ہم اپنے قارئین کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اپیل کرتے ہیں کہ ماہِ رمضان جو کہ نزول قرآن کا مہینہ ہے اور اللہ تبارک و تعالیٰ اس ماہِ مقدس میں اپنی رحمتوں اور برکتوں کی بارش کرتے ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مستفید ہونا چاہئے اور اس مہینہ کی برکتوں اور رحمتوں کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ دنیا بھر میں موجود پاکستانی خواہ وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں، ملکی سلامتی کی سوچ سامنے رکھتے ہوئے اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کے لئے سوچیں، پاکستان کا وجود ناگزیر ہے۔
پاکستان ہے تو ہماری شناخت ہے، وگرنہ ہم شتر بے مہار، کہیں کے نہ رہیں گے۔ ہمیں چاہئے کہ بحیثیت پاکستانی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں، ہمارے ملکی اداروں پر بہت بڑی ذمہ داری آن پڑی ہے۔ ہمیں ذاتی عناد اور انا کو بھلا کر اپنے ملک کے لئے درست فیصلہ کرنا ہوں گے وگرنہ اندرونی انتشار ملکی سلامتی کو ڈبو کر رکھ دے گا۔ پاکستان میں عوام کے مابین نفرتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام، پولیس اور فوج باہم دست و گریباں ہوتے دکھائی دے رہے ہیں اور افسوس یہ ہے کہ کوئی اپنی شکست ماننے یا بات چیت کرنے کو تیار نہیں۔ بیرونی طاقتیں بہت گہری نگاہیں پاکستان پر گاڑھے بیٹھی ہیں۔ بلکل اسی طرح جس طرح کسی مردار کا گوشت کھانے کے لئے گدھ گھات لگا کر بیٹھتے ہیں۔
وقت کی پکار کو سمجھنا چاہئے اور یہ جان لینا چاہئے کہا اب مزید غلطیوں کی گنجائش نہیں ہے۔ وگرنہ پاکستان کے مزید حصہ بخرے ہونے میں وقت نہیں لگے گا۔ اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو اور ملک کو اس گرداب سے باہر نکالے۔ اس ماہِ صیام کی برکتوں سے اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ وہ ہمارے دلوں میں گنجائش پیدا کرے اور ہمارے ملک کے لئے ایسے فیصلے صادر فرما دے جن کی مدد سے ہم اپنے ملک کا استحکام اور وقار بحال کر سکیں، آمین۔
