گزشتہ کئی ماہ سے کینیڈا بھر میں الیکشن کی جو گہما گہمی تھی، اُس کا نتیجہ کل یعنی 21 اکتوبر کو آگیا اور کینیڈین عوام نے ثابت کردیا کہ وہ نہ تو منفی سیاست کو پنپنے دیں گے اور نہ ہی نسل پرستی اور مذہبی جنونیت کے حق میں ہیں انہوں نے ثابت کیا کہ یہ ملک تمام رنگ و نسل، مذاہب اور بھات بھات کی بولیاں بولنے والوں کو اپنے دامن میں سموئے ہوئے ہے اور یہی کینیڈا کی مضبوطی ہے کہ ہم سب کینیڈین ہیں۔ جیسا کہ یہاں کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو جنہیں ایک بار پھر اعتماد کا ووٹ مل گیا اور ایک بار پھر کینیڈین عوام کے دلوں پر آئندہ چار سال پھر سے راج کریں گے۔ وہی جسٹن ٹروڈو جن کا کہنا ہے کہ کینیڈین صرف کینیڈین اور کینیڈین ہیں اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ فیڈرل الیکشن 2019ءکے نتائج سے قبل یہاں خصوصاً مسلم کینیڈین میں ایک خوف پایا جاتا تھا اور انہیں اس بات کا شدید خوف تھا کہ اگر کنزرویٹو پارٹی کی حکومت بنے گی تو امریکہ میں ڈونلڈٹرمپ کی موجودگی کی وجہ سے کچھ ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور وہ اپنی نئی نسل کے لئے فکرمند بھی تھے۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اور دنیا بھر سے مسلمانوں کی نقل مکانی جاری ہے۔
کینیڈا ہی وہ واحد ملک ہے جہاں مسلمان نہایت آزادی کے ساتھ اپنے مذہبی فرائض سر انجام دیتے ہیں اور یہاں کی حکومت انہیں ہر طرح کا تحفظ فراہم کرتی ہے۔ اس بار این ڈی پی کی قیادت بھی ایک سکھ نوجوان جگمیت سنگھ کے پاس تھی جو کہ بذات خود ایک نہایت پڑھا لکھا اور کھلے ذہن کا کرمنل لاءکا وکیل ہے۔ یوں این ڈی پی کی 24 اور لبرل کی 157 سیٹیں حکومت بنانے کے لئے کافی ہیں۔ مزید یہ کہ لبرل کے پاس بلاک کیوبکوز کی 32 سیٹوں کا آپشن بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ دونوں پارٹیز نے لبرل کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔ یوں کنزرویٹو پارٹی کے رہنما انڈریو شیر کا اعلان کہ وہ یہودیوں کی پالیسیوں کے امین ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی سفارت خانہ میں بھی خطاب کیا اور مسلمانوں کے خلاف اور اسلاموفوبیہ کے حوالہ سے بھی اُن کے آنے سے کینیڈین مسلم خائف تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ان کی حمایت کا اعلان کیا تھا جب کہ لبرل پارٹی کے قائد جسٹن ٹروڈو کی حمایت میں سابق صدر باراک اوباما آگے آئے تھے۔ یوں صورتحال نہایت پریشان کن تھی۔ مگر کل رات 21 اکتوبر کو کینیڈین عوام نے ثابت کردیا کہ وہ نفرت کی سیاست کے خلاف ہیں اور کینیڈا کو دنیا کے پُرامن اور محبتوں سے لبریز ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
523