سرینگر: قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 4 کشمیری نوجوانوں اور ایک خاتون کو شہید کردیا۔
مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی افواج نے ریاستی دہشتگردی کے دوران فائرنگ کرکے 4 کشمیری نوجوانوں اور ایک خاتون کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے سرینگر کے علاقے بٹامالو میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جب کہ نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض فوج نے 4 کشمیری نوجوانوں اور ایک 45 سالہ خاتون کو شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہادتوں کے بعد بھی بھارتی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے جب کہ کسی بھی ممکنہ احتجاج کے پیش نظر علاقے میں انٹرنیٹ سروس کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز بھی سوپور میں قابض افواج نے تجر شریف کے علاقے میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران عرفان احمد نامی نوجوان کو حراست میں لیا اور رات گئے نوجوان کی تشدد زدہ لاش پھینک گئے جب کہ ا±ڑی میں سرچ آپریشن کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو گولیاں مارکر شہید کردیا تھا۔
471