پاکستان ہائی کمیشن اور قونصل جنرل ٹورانٹو جناب عبدالحمید بھٹہ کی جانب سے نادرا کے چیئرمین طارق ملک کی ٹورانٹو آمد اور قونصل جنرل ٹورانٹو آفس میں کمیونٹی کی سہولت کے لئے ”نادرا سہولت کاﺅنٹر“ کے اعلان کی ایک پریس ریلیز ارسال کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ نادرا کے چیئرمین طارق ملک نے ٹورانٹو قونصلیٹ آفس میں ”نادرا سہولت کاﺅنٹر“ کا افتتاح کردیا ہے جو کہ فروری کے تیسرے ہفتہ سے کام شروع کردے گا۔ افتتاحی تقریب میں قونصل جنرل ٹورانٹو اور محترم مہمان چیئرمین طارق ملک کو قونصل جنرل ٹورانٹو عبدالحمید بھٹہ کو ساتھ کھڑے خطاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محترم مہمان نے پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں اس کاﺅنٹر کا افتتاح کیا مگر مقام حیرت ہے کہ اس موقع پر قونصل جنرل کی جانب سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو تو دعوت دے دی گئی مگر ٹورانٹو میں موجود پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو اس افتتاحی تقریب کی کانوں کان خبر نہ ہو سکی اور نہ ہی کسی میڈیم کو دعوت دی گئی کہ اس تقریب کو کور کیا جا سکے۔ اس سوال کا جواب تو قونصل جنرل عبدالحمید بھٹہ ہی دے سکتے ہیں کہ کیونکر پاکستان الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کو دعوت نہ دی گئی جب کہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستانیوں کی کثیر تعداد وہاں موجود تھی جن کے سامنے اس افتتاح کا انعقاد کیا گیا۔ ہمیں امید ہے کہ اس بات کی وضاحت قونصل جنرل آفس سے ضرور کی جائے گی کہ کیونکہ میڈیا کے نمائندوں کو اس تقریب سے دور رکھا گیا۔ واضح رہے کہ عبدالحمید بھٹہ کا شمار چند اچھے بیوروکریٹس میں ہوتا ہے جنہوں نے نئی دہلی اور روس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور فارن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ ممکن ہے کہ انہیں اس بات سے لاعلم رکھا گیا ہو کہ میڈیا کے نمائندوں کو مدعو نہیں کیا گیا ہے تاہم میڈیا میں قونصل آفس کے اس اقدام سے بے چینی پائی جاتی ہے۔ ہم پاکستان قونصل جنرل آفس کی بھیجی گئی پریس ریلیز کا عکس بھی من و عن شائع کررہے ہیں۔
292