618

نواز شریف صدارتی امیدوار کیلئے یوسف رضا گیلانی کے نام پر رضامند

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف صدارتی امیدوار کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے نام پر رضامند ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد اب اپوزیشن کے متفقہ صدارتی امیدوار کے لیے مسلم لیگ(ن) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرسکتی ہے۔
ادھر پی پی پی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی جس میں سابق صدر نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا۔
مولانا فضل الرحمن نے پی پی پی قیادت کے جواب سے شہباز شریف کو آگاہ کردیا ہے۔ پی پی قیادت نے شہباز شریف سے براہ راست رابطہ نہیں کیا اور مولانا فضل الرحمن دونوں جماعتوں میں پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔
اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں میں متفقہ صدارتی امیدوار کے نام پر اختلافات برقرار ہیں اور کل تک ہر صورت صدر پاکستان کے انتخاب کے لیے نام پیش کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عارف علوی کو اور پی پی پی نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آج اپوزیشن کے امیدوار کا اعلان کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں