کرتارپور: وزیراعظم عمران خان نے بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے خصوصی راہداری کرتار پور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ضلع نارووال میں کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ بھارت کی معروف شخصیت نوجوت سنگھ سدھو، بھارتی وزیر ہرسمرت کور اور ایچ ایس پوری سمیت بھارت کے سرکاری وفد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپور انتہائی مقدس مقام ہے جہاں سکھوں کے پہلے گرو نانک نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے تھے اور یہیں ان کی سمادھی اور قبر بھی ہے۔ کرتارپور کوریڈور فیز 1 میں ساڑھے 4 کلومیٹر سڑک تعمیر کی جائے گی اور بارڈر ٹرمینل کمپلیکس بھی بنایا جائے گا جب کہ دریائے راوی پر 8 سو میٹر طویل پل اور پارکنگ ایریا بھی بنے گا۔ دوسرے فیز میں ہوٹل اور گردوارہ کرتار صاحب کی توسیع کی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ کرتارپور بارڈر کھلنے سے بھارتی سکھ یاتری بغیر ویزا پاکستان آئیں گے۔
571