اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کو فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے ٹیلی فون کرکے دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے ٹیلی فون کرکے دو طرفہ تعاون اور رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے فرانسیسی صدر کو خطے کی صورتحال پر بریف کیا جس پر میکرون نے انتخابات کے نزدیک جولائی میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے بھاری قیمت چکائی اس جنگ میں پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
فرانسیسی صدر نے توانائی، آبی وسائل سمیت تجارت کے دیگر شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی امید ظاہر کی۔
وزیر اعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دو طرفہ وسیع البنیاد تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے فرانسیسی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جو ایمانویل میکرون نے قبول کرلی۔
وزیر اعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر کو خطے کی صورت حال پر بریف کیا، افغانستان میں قیام امن کی اہمیت، بھارت سے تعلقات پر بھی آگاہ کیا اور کہا کہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔
675