587

وزیراعظم 28 نومبر کو کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھیں گے

لاہور: پاکستان نے رواں ماہ کے آخر میں کرتارپور کوریڈور کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان اس منصوبے کا افتتاح کریں گے جب کہ بھارت نے بھی کرتارپور بارڈر کھولنے کی منظوری دیتے ہوئے ڈیرہ بابا نانک سے پاکستان تک راستہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کو کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھیں گے، پاکستان بھارت کو کرتارپور کوریڈور کھولنے کے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کرچکا ہے، ہم سکھ یاتریوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

اس حوالے سے متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے بتایا کہ پاکستان نے رواں ماہ کے آخرمیں کرتارپورکوریڈور کی تعمیر پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری گورونانک دیوجی کا 549 واں جنم دن منانے پاکستان آئے ہیں، پاکستان اس موقع پر انہیں یہ تحفہ دینا چاہتا ہے، اس حوالے سے سروے بھی مکمل ہوچکا ہے۔ کوریڈورکا زیادہ حصہ (تقریباً ڈھائی کلومیٹرفاصلہ) پاکستان میں ہے۔
دوسری جانب مودی کابینہ نے بھی کرتار سنگھ بارڈر کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔ نئی دہلی میں ٹوئٹر پر جاری بیان میں بھارتی وزیرِ داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مشرقی پنجاب کے ضلع گرداسپور میں ڈیرہ بابا نانک سے پاکستان تک راستہ تعمیر کیا جائے گا، تاکہ گردوارہ دربار صاحب کرتارپور کی زیارت کے لیے جانے والے یاتریوں کو سہولت فراہم کی جاسکے، اس سلسلے میں ایک ٹرین بھی چلائی جائے گی جو مقدس مقامات سے گزرے گی۔
واضح رہے کہ رواں برس اگست میں جب سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان آئے تھے تو اس موقع پرپاک فوج کے سربراہ نے انہیں کرتارپور کوریڈور کھولنے کی خوشخبری سنائی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں