673

ویسٹ انڈیز کے خلاف نئے ٹیلنٹ کی آزمائش پر غور

لاہور: ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نئے ٹیلنٹ کی آزمائش پر غور ہونے لگا۔
ویسٹ انڈیز سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے قومی اسکواڈ کی تشکیل کا کام شروع ہو گیا، سلیکٹرز کی مشاورت جاری اور ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے،پی ایس ایل سے باہر ہونے والے انجرڈ پیسر رومان رئیس کی فٹنس بحال نہ ہونے پر عثمان شنواری کی واپسی کا امکان روشن ہوگیا،پیسر محمد عرفان کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے۔

سلیکشن کمیٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کے پیش نظر نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے پر غور کررہی ہے جب کہ پی ایس ایل میں متاثر کن کارکردگی پیش کرنے والے آصف علی، حسین طلعت اور آغاسلمان کے نام زیر غور ہیں۔
یاد رہے کہ 3ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کراچی میں شیڈول ہے،پہلا مقابلہ یکم،دوسرا 2اور تیسرا 3اپریل کو ہوگا۔تینوں فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر اسکواڈ میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کے حوالے سے مثبت اشارہ دیا ہے۔

پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین نے ایک خلیجی اخبار کو انٹرویو میں کہاکہ ٹی ٹوئنٹی لیگز سے دنیا بھر میں نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے،پی ایس ایل میں بھی کئی نوجوان کرکٹرز نے روشن مستقبل کی نوید سنائی ہے، ایونٹ ختم ہونے تک ان کے نام بتانا تو مناسب نہیں سمجھتا لیکن انھیں قومی کرکٹ ٹیم کے پلان میں شامل رکھتے ہوئے گروم ہونے کے مواقع فراہم کریں گے۔ کپتان کے اس بیان کے بعد ویسٹ انڈیز سے سیریز میں چند نئے چہرے سامنے لائے جانے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں