ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ٹائیگر شروف نے اپنی نئی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ سے متعلق اہم انکشاف کردیا۔
فلم ’ہیرو پنتی‘ سے ڈیبیو کرنے والے نوجوان اداکار ٹائیگر شروف اپنے ایکشن اور ڈانس کی وجہ سے نوجوانوں کے آئیڈیل تصور کئے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ ہر ہدایت کار کی پہلی ترجیح بن چکے ہیں جب کہ حال ہی میں فلم ’باغی ٹو‘ کی شوٹنگ مکمل کرنے والے ٹائیگر نے اپنی نئی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ سے متعلق اہم انکشاف کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن جوہر کی فلمسازی میں بننے والی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے دوسرے سیکوئل کے مرکزی کردار ٹائیگر شروف نے فلم میں اپنے کردار سے متعلق انکشاف کیا کہ میں اس فلم میں کچھ نیا اور مختلف کرنے کی کوشش کررہا ہوں جوکہ فلم ’باغی ٹو‘ کے کردار کے برعکس ہے کیوں کہ اس فلم میں مار دھاڑ وغیرہ کچھ نہیں ہے۔
ٹائیگر شروف نے مزید انکشاف کیا کہ فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر ٹو ‘ میں دیشا پٹانی کے بجائے دو نئے چہرے ا±ن کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کریں گے اور شوٹنگ 23 مارچ سے شروع کی جائے گی جب کہ اس فلم کے بعد وہ ہریتھیک روشن کے ساتھ یش راج کی فلم کی شوٹنگ مکمل کرکے فلم ’ریمبو‘ کی تیاری میں مصروف ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ فلم کے دوسرے سیکوئل میں ٹائیگر شروف کے ہمراہ چنکی پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے اور تارا سوتاریہ مرکزی کردار ادا کریں گی جب کہ فلم 23 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔