565

ٹرمپ کے قریبی ساتھی صدارتی انتخاب میں دھاندلی کے الزام میں گرفتار

فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے روگر اسٹون کو ایف بی آئی نے حراست میں لے لیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کے قابل اعتماد رفیق راجر اسٹون کو امریکی صدارتی الیکشن میں روس کی مداخلت کی تحقیقات کرنے والی کونسل کی سفارش پر فلوریڈا سے گرفتار کیا گیا ہے۔
امریکی صدارتی انتخاب میں روس کی مبینہ مداخلت اور دھاندلی سے متعلق تحقیقات کرنے والے کونسل کے سربراہ رابرٹ ملر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راجر اسٹون کو کانگریس کے سامنے غلط بیانی اور تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے الزمات کے تحت حراست میں لیا گیا۔
راجر اسٹون انتخابی مہم میں مخالف امیدواروں کی کمزوریوں کا ڈیٹا جمع کرکے اپنے امیدوار کے حق میں استعمال کرنے کے ماہر سمجھے جاتے تھے اور ٹرمپ کو فائدہ پہنچانے کے لیے مخالف امیدوار ہیلری کلنٹن کی ای میلز لیک کی تھیں۔
امریکی صدارتی انتخاب میں روس کے گٹھ جوڑ اور دھاندلی سے متعلق ایف بی آئی تحقیقات کررہی ہے جس کے لیے ایک خصوصی کونسل بھی تشکیل دی گئی ہے۔ اب تک 9 سے زائد روسی شہری پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن صدارتی انتخاب کے دوران خواتین ماڈلز کو جنسی معاملے میں خاموش رہنے پر رقم کی ادائیگی کا اعتراف کرکے وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں جب کہ ٹرمپ کے انتخابی مہم کے سربراہ پال منافرٹ کو انتخابات میں دھاندلی سمیت 8 مقدمات کا سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں