82

پاکستان، قطر کا اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کرنے کا عزم

اسلام آباد (فرنٹ ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے امیری دیوان دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ امیر قطر نے وزیراعظم اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے پرتپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور موجودہ تعاون کو وسیع تر کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں قطر کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مسلسل معاونت کو سراہا۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں اہم اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ملاقات میں سرمایہ کاری اور تجارت پر خصوصی زور دیا گیا۔دونوں فریقین نے گزشتہ سرمایہ کاری کے وعدوں کے تناظر میں پاکستان میں متعدد شعبوں میں اہم مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کی اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قطر کے امیر نے برادرانہ تعلقات کی اہمیت اور اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے ، تجارتی تبادلے میں اضافے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی خواہش پر زور دیا۔وزیراعظم سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن (کیو بی اے )کے وفد نے شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لئے مشترکہ اہداف کی نشاندہی پر زور دیا گیا۔وزیر اعظم نے قطرکے کاروباری رہنماو¿ں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دیتے ہوئے پاکستان کے سرمایہ کاری کے لئے پرکشش مقام کی حیثیت سے توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم اقتصادی پراجیکٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ وفد نے وزیر اعظم کی دعوت کا مثبت جواب دیتے ہوئے پاکستان کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم اور قطری وفد نے اقتصادی استحکام اور ترقی کو تقویت دینے کے لئے دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق امیر قطر اور قطری وزیراعظم سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری اور تجارت پر خصوصی زور دیا گیاجبکہ دونوں فریقین نے باہمی افہام و تفہیم، تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے اعلیٰ سطح دوروں کے تبادلے کو جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ قطر کے وزیر ثقافت عبدالرحمان بن حماد الثانی کی خصوصی دعوت پر عطائ اللہ تارڑ نے فارج ال فن فیسٹیول میں شرکت کی۔فیسٹیول کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاا? تارڑ کی تاجکستان کی وزیر ثقافت اور عراق کے وزیر برائے ثقافت ڈاکٹر احمد ال فکک ال بدرانی کے ساتھ ملاقات بھی ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطاا? تارڑ نے کہا قطر کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور اسے فروغ دینے کی لگن ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا ثقافتی رشتوں کو مزید مضبوط بنانا وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا وڑن ہے۔ بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف اپنا دورہ سعودی عرب و قطر مکمل کرکے جمعہ کو اسلام آباد پہنچ گئے۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاا? تارڑ نے کہا ہے کہ قطر پاکستان میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گاجس سے پاکستان کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی،معاشی ترقی کی وجہ سے مہنگائی 6.9فیصد پر آ گئی، خارجہ محاذ پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ،پاکستان 24سال بعد فسکل سرپلس میں گیا ، وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہا، وزیراعظم اپنا دورہ مکمل کر کے وطن واپس آ گئے ہیں، بالخصوص دورہ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتیں نتیجہ خیز رہیں،دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے ،خیبر پختونخوا میں غیر سنجیدہ وزیراعلیٰ حکومت چلانے کے اہل نہیں،بہت جلد عوام ان کا گریبان پکڑیں گے۔جمعہ کواسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہاحالات میں بتدریج بہتری آرہی ہے ، اصلاحات کے مرحلے سے ہم استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے ، حال ہی میں سعودی وزیر سرمایہ کاری پاکستان آئے ، یہاں 27مفاہمت کی یادداشتیں دستخط ہوئی تھیں جن کی مالیت 2.2ارب ڈالر تھی، انوسٹمنٹ کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم کی انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، سعودی عرب کے ساتھ مزید معاہدے ہوئے ہیں، پانچ ایم او یوز پر کام شروع ہو چکا ہے۔عطا تارڑ نے کہا سعودی عرب کی سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8ارب ڈالر ہو چکی، 27ایم او یوز سے بڑھ کر 34ایم او یوز ہو گئے ، پانچ ایم او یوز پر کام شروع ہو چکا ہے ، 600ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری سے معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ قطر نے پاکستان کے حوالے سے نمائش کا انعقاد کیا، پاکستانی فنکاروں، مصوروں کو اس نمائش میں مدعو کیا گیا، 1947 سے اب تک کے پاکستان کے فن پارے اس نمائش میں پیش کئے گئے ، امیر قطر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی۔انہوں نے بتایا قطر پاکستان میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، اس سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی، قطر پاکستان میں توانائی، معدنیات، آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرے گا، قطر کا وفد جلد پاکستان آئے گا۔عطا تارڑ نے کہا شہباز شریف کا اکنامک ایجنڈا تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا خیبر پختونخوا میں غیر سنجیدہ حکومت ہے ، وہ کبھی بھاگتے ہیں اور کبھی چھپتے ہیں، یہ کرتب کتنی دیر چلیں گے ؟ عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے طالبان کو واپس لا کر بسایا، امن و امان اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر ان کی کوئی توجہ نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں