اسلام آباد: حکومت نے بجلی کی فراہمی میں تاخیر پر جرمانوں کے جواب میں عالمی عدالت جانے والی چینی کمپنی کے خلاف مقدمہ جیت لیا۔
پاور ڈویڑن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے عالمی ثالثی عدالت لندن میں چینی کمپنی سے کیس جیت لیا اور عدالت نے چینی کمپنی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو غلط قرار دے کر فیصلہ پاکستانی ایجنسی کے حق میں دے دیا۔
اعلامیے کے مطابق زونرجی کی 3 ذیلی کمپنیوں نے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے ساتھ جون 2015ئ میں انرجی پرچیز معاہدے کیے تھے، تنازع کمپنیوں کی طرف سے 300 میگا واٹ سولر پاور منصوبوں کو چلانے میں تاخیر ہوئی تھی۔
مقررہ وقت پر بجلی فراہم نہ کرنے پر سی پی پی اے نے کمپنیوں پر جرمانے عائد کیے لیکن متعلقہ کمپنیاں جرمانوں کے خلاف رواں سال کے شروع میں عالمی ثالثی عدالت لندن میں چلی گئیں۔
عالمی ثالثی عدالت لندن نے آخری سماعت میں سی پی پی اے کی طرف سے جرمانوں کو درست قرار دیا اور متعلقہ پاور پلانٹس سے بجلی کی بروقت پیداوار کو انرجی پرچیز معاہدے کے مطابق لازم قراردیا۔
360