پاکستان کے بگڑتے حالات: وزیر اعظم شدید ذہنی دباﺅ کا شکار 358

پاکستان کے بگڑتے حالات: وزیر اعظم شدید ذہنی دباﺅ کا شکار

اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) پاکستان کے حالات روز بروز بگڑتے دکھائی دے رہے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان ہر آنے والے دن کے ساتھ نئے چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں۔ میڈیا ہو یا عدالتیں، یورپی یونین ہو یا چائنا، یا پھر پی ٹی آئی کا اندرونی انتشار غرض معاملات خراب ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ کے تیور بھی بدلتے دکھائی دے رہے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہم موجودہ حکومت کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔ دوسری جانب پنجاب کی حکومت بھی اپنی ناقص کارکردگی کے سبب مشکلات میں گھری دکھائی دے رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے آئندہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی ہیں۔ جنہیں پیپلزپارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے مگر ن لیگ کے تعاون کے بغیر ان کی دال بھی گلتی نظر نہیں آرہی۔ ن لیگ کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ پنجاب بن گئے تو کھیل ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ عمران خان عید کے بعد کوئی بھی بڑا قدم اُٹھا سکتے ہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ وہ اسمبلیاں تحلیل کردیں مگر اس کے لئے بھی انہیں اسمبلی میں اکثریت کی ضرورت ہو گی جو کہ ابھی اُن کے پاس نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کا جہانگیر ترین گروپ بھی عمران خان کے لئے مسئلہ بنا ہوا ہے اور انہیں آنے والے وقت میں شہزاد اکبر اور اپنے سیکریٹری اعظم خان کو ہٹانا پڑے گا ورنہ جہانگیر ترین گروپ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ حکومت کے سامنے بڑی مشکل جون 2021ءکا بجٹ بھی ہے جسے پاس کرانا حکومت کے لئے ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ روس کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران بلینک چیک بھی دیا ہے مگر سوال یہ ہے کہ کس قیمت پر؟ آرمی چیف سعودی عرب کے دورے پر ہیں اور وزیر اعظم کے لئے راہ ہموار کررہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان اسمبلیاں توڑتے ہیں یا پھر پیچیدہ صورتحال سے نکلنے کے لئے کوئی حکمت عملی مرتب کرتے ہیں؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں