(رپورٹ: پاکستان ٹائمز)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے سابقہ کریو اور اسٹاف ممبرز کی کینیڈین تنظیم سال میں دو بار یکجا ہو کر ایک دوسرے سے نیٹ ورکنگ کرتے ہیں اس سلسلہ کی ایک تقریب گزشتہ دنوں مسی ساگا ویلی میں منعقد ہوئی جس میں ہمیشہ کی طرح سابقہ ملازمین نے شرکت کی جن میں کپتان، کریو اور دیگر اسٹاف ممبرز شریک ہوئے۔ تنظیم کے عہدیداروں عادل خان، ہاشم نقوی، نثار جاوید، سیمی ریاض، ظہیر خان، طاہرہ نقوی، عصمت خان، محمد انور، مسعودہ جمال اور غزالہ نے تمام مہمانوں، اپنے ساتھی، سابقہ ملازمین کو خوش آمدید کہا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد وفات پا جانے والے ملازمین کے لئے دعائے مغفرت کی گئی جس کے بعد تمام سابقہ ملازمین آپس میں گھل مل گئے اور اپنی ملازمت کے زمانے میں پیش آنے والے واقعات اور خوبصورت یادوں کو دہرایا گیا۔ اس موقع پر دو سابقہ ملازمین خواتین نے اپنی شاعری سے ساتھیوں کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر اکتوبر میں پیدا ہونے والے ملازمین کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ کوئز پروگرام کے ذریعہ انعامات کی تقسیم بھی کی گئی۔ برادر عمران نے کرائم اسٹاپر کی بابت لوگوں کو آگا کیا اور یوں یہ تقریب پرتکلف عشائیہ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ہاشم نقوی نے بتایا کہ یہ تنظیم ہر 6 ماہ میں ایک ساتھ مل بیٹھنے کا یہ سلسلہ خوش اسلوبی سے چلا رہی ہے جس سے تمام پرانے ساتھیوں کو مل بیٹھنے کا موقع ملتا ہے اور ایک دوسرے کے حالات سے واقفیت ہوتی ہے۔
