487

پی ایس ایل 6؛ فنانشل گارنٹی جمع کرانے کا وقت قریب

کراچی: پی ایس ایل 6 کیلیے فنانشل گارنٹی جمع کرانے کا وقت قریب آگیا۔
پی ایس ایل 5 ابھی مکمل نہیں ہوئی لیکن پی سی بی نے فرنچائزز سے چھٹے ایڈیشن کی فنانشل گارنٹی چند روز قبل ہی طلب کر لی تھی،اس کی آخری تاریخ25 ستمبر ہے۔
ابتدائی ایڈیشنز میں فیس کی مساوی رقم کے برابر بینک گارنٹی جمع کرانا لازمی تھی مگر گذشتہ برس فرنچائرز نے بورڈ پر زور دیا کہ اب یہ سلسلہ ختم ہو جانا چاہیے، لیگ کوکئی برس ہو چکے لہٰذا اعتماد کی فضا کا قائم ہونا ضروری ہے۔
پی سی بی نے یہ درخواست تسلیم کرتے ہوئے فرنچائزز کو بینک گارنٹی کی جگہ بعد کی تاریخ والا چیک جمع کرانے کی اجازت دے دی تھی،البتہ یہ بھی طے ہوا تھا کہ اگر کسی ٹیم نے مالی ذمہ داریاں مکمل کرنے میں غفلت برتی تو اس سے 2 برس کی بینک گارنٹی لے جائے گی۔
پانچویں ایڈیشن میں کم از کم 2 فرنچائزز نے اپنے مالی امور میں تاخیر کی، ابھی یہ واضح نہیں کہ ان سے بینک گارنٹی لی جائے گی یا چیک، بورڈ نے جو خط ارسال کیا اس میں صرف فنانشل گارنٹی کا ذکر ہے جو پوسٹ ڈیٹیڈ چیک بھی ہوسکتا ہے۔
پی سی بی نے پی ایس ایل 5 کے بقیہ 4 میچز 14 سے 17 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کرانے کا اعلان کیا ہے، فرنچائزز چاہتی ہیں کہ ایونٹ مکمل ہونے پر اگلے ایڈیشن کے حوالے سے کام شروع کیا جائے مگر بورڈ کسی قسم کی کوئی رعایت دینے کے موڈ میں نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں