اسلام آباد: غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی ملک کے 13ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں سے صدارتی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج جاری کردیئے گئے ہیں جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی ملک کے 13ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
قومی اسمبلی و سینیٹ
صدارتی انتخاب کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مجموعی طور پر 430 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے، پی ٹی آئی کے عارف علوی نے 212 ، اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان نے 131 جب کہ پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن نے 81 ووٹ حاصل کئے۔
سندھ اسمبلی
سندھ اسمبلی میں 163 میں سے 158 ارکان نے ووٹ ڈالے، پیپلز پارٹی کے اعتزازاحسن کو 39، عارف علوی کو 22 جب کہ مولانا فضل الرحمان کوایک الیکٹورل ووٹ پڑا۔
بلوچستان اسمبلی
بلوچستان اسمبلی میں 61میں سے60 ارکان نے صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالے، عارف علوی نے 45 جب کہ مولانا فضل الرحمان کو 15 الیکٹورل ووٹ ملے، اعتزاز احسن ایک بھی ووٹ حاصل نہیں کرپائے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی
خیبر پختونخوا اسمبلی کے تمام 112 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے، صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہے، جس کی وجہ سے عارف علوی کو 78، مولانا فضل الرحمان کو 26 اور اعتزاز احسن کو 5 ارکان نے ووٹ دیا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی سے عارف علوی کو 41 ، مولانا فضل الرحمان کو 14 جب کہ اعتزاز احسن کو 3 الیکٹورل ووٹ ملے۔
پنجاب اسمبلی
پنجاب اسمبلی میں 354 میں سے 351 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے، جن میں 18 ووٹ مسترد ہوئے۔ عارف علوی کو 33، مولانا فضل الرحمان کو 25 جب کہ اعتزاز احسن کو ایک الیکٹورل ووٹ ملا۔
اس سے قبل صدارتی انتخاب کے لیے سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بیک وقت پولنگ ہوئی، تحریک انصاف نے عارف علوی، پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن جب کہ مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو میدان میں اتارا تھا۔
صدارتی انتخاب کے لیے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا ریٹرننگ آفیسر جب کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور سینیٹ و قومی اسمبلی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے پریزائیڈنگ آفیسر کی ذمہ داریاں سر انجام دیں۔ پولنگ کا عمل صبح 10 بجے شروع ہوا اور شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔
538