556

کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاو¿ن، 70 فیصد علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا

کراچی: نیشنل گرڈ میں فنی خرابی کے باعث کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی جب کہ کراچی کا 70 فیصد علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جب کہ شہر قائد میں بڑا بریک ڈاو¿ن ہوا ہے جس میں کراچی کا 70 فیصد علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔
ای ایچ ٹی لائن میں ٹرپنگ کے باعث متعدد گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔ بجلی کی بندش سے ریڈ زون، ایئر پورٹ، سہراب گوٹھ، گلشن اقبال، لسبیلہ، گارڈن، ملیر، شاہ فیصل کالونی، آئی آئی چندریگر روڈ، گلشن اقبال، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلزار ہجری، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر، نیپا، موتی محل، لیاقت آباد، کے ڈی اے اسکیم، دھورا جی اور بلوچ کالونی اندھیرے میں ڈوب گئے۔
بجلی کی بندش سے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی دھابیجی، گھارو اور پپری پمپنگ اسٹیشنز سے کراچی کو پانی کی سپلائی معطل ہوگئی اور کراچی کو 10 کروڑ گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔
شہر قائد کی طرح حیدر آباد شہر کا آدھا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث سپلائی بند ہونے سے حیسکو کے متعدد گرڈ اسٹیشن کو بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ترجمان حیسکو کا کہنا ہے کہ این ٹی ڈی سی کی 500 کے وی کی مین سپلائی جامشورو گرڈ اسٹیشن سے بند ہوگئی ہے جس کے باعث یہ تعطل آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں