592

کراچی میں چینی قونصل خانے پرحملہ ناکام بنادیا گیا، تمام دہشت گرد ہلاک

کراچی: کلفٹن میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے چینی قونصل خانے پر حملے کا منصو بہ ناکام بناتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
ذرائعکے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک 4 میں گاڑی میں سوار دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے میں گھسنے کی کوشش کی، جسے وہاں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنادیا۔ قونصل خانے میں گھسنے کی کوشش ناکام ہوتا دیکھ کردہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔ جس کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک جب کہ 2 پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

دہشتگردوں میں ایک خودکش حملہ آور تھا
ڈی آئی جی کراچی جنوبی جاوید عالم اوڈھوکے مطابق حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی تعداد 3 تھی، جن کے پاس دستی بم اور دیگر ہتھیار بھی تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں ایک نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔

دھماکا خیزمواد سے بھری گاڑی برآمد
کراچی پولیس چیف امیرشیخ نے میڈیا کوبتایا کہ تین دہشت گردوں نے قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں ہلاک کردیا گیا ہے، حملہ آوروں نے ہمارے 2 پولیس اہلکاروں کوشہید کیا، جائے وقوعہ سے ایک مشکوک گاڑی بھی ملی ہے جس میں بارودی مواد موجود ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکا خیز مواد قبضے میں لے لیا ہے۔

حملہ آوروں کی شناخت
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے جب کہ کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے،حملہ آوروں سے متعلق سوشل میڈیا پر کچھ دعوے آئے ہیں ، ہم اس کی تصدیق کریں گے۔

چینی عملہ محفوظ ہے، آئی ایس پی آر
واقعے سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی چینی قونصل خانے میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے، تینوں دہشت گرد مارے گئے ہیں، قونصل خانے کا چینی عملہ مکمل طورپرمحفوظ اورصورتحال قابومیں ہے۔

وزیراعلیٰ کا چینی قونصل جنرل کوفون
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طورپراے آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔ ترجمان وزیراعلی ہاو¿س کے مطابق وزیراعلی نے چینی قونصل جنرل سے بات چیت کی اوران سے خیریت دریافت کی، چینی قونصل جنرل قونصل خانے میں خریت سے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں