عمران خان توجہ فرمائیے! 273

کینیڈا میں چار پاکستانی فیملی ممبران ہلاک!

کینیڈا کے شہر لندن میں اتوار کی شام چہل قدمی کرنے والی پاکستانی فیملی کو منی ٹرک سے جان بوجھ کر روند دیا گیا۔ پولیس کے مطابق 20 سالہ وائٹ لندن کا رہائشی والک وے پر شام کی سیر کرتے ہوئے فیملی کو کچل کر فرار ہو گیا۔ لاہور کے رہائشی تقریباً چودہ سال پہلے کینیڈا منتقل ہوئے تھے۔ جس میں سلمان افضل 46 سالہ، ان کی بیوی مدیحہ افضل 44 سالہ، ان کی پندرہ سالہ بیٹی یمنا، 9 سالہ بیٹا فیاض اور ان کی 74 سالہ والدہ شامل ہیں ان میں سے 9 سالہ بیٹا زخمی ہے اور ہسپتال میں زیر علاج ہے جس کو ابھی تک نہیں بتایا گیا کہ اس کے والدین، بہن اور دادی سمیت اس دنیا میں نہیں رہے۔
اس بہیمانہ واقعہ کو وزیر اعظم ٹروڈو نے “Terrorist Attack” قرار دیا ہے اور ہاﺅس آف کامنز میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے اور اس کے پیچھے ایسی تربیت شامل ہے جو کہ مسلمانوں کے خلاف ہے یعنی وہ اسلاموفوبیا کی بات کررہے تھے انہوں نے زور دے کر کہا کہ کینیڈا میں نسل پرستی اور اسلاموفوبیا کی کوئی گنجائش نہیں ہے جو کہ یہاں آہستہ آہستہ جڑیں پکڑ رہا ہے۔ ہمیں اس کا راستہ روکنا ہو گا۔
NDP کے سربراہ جگمیت سنگھ نے کہا کہ ”مسلمان کینیڈا میں محفوظ نہیں ہیں“۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا کہ ایک فیملی گھر کے قریب ہی والک کے لئے جائے اور پھر گھر واپس نہ آئے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آپ اپنی اسٹریٹ پر والک کرتے ہوئے بھی محفوظ نہیں ہیں۔ جگمیت سنگھ کا کہنا تھا کہ I am Sorry مسلم کینیڈینز آپ کو اسی طرح خوف میں ہی رہنا ہو گا۔ مسلمانوں کو
extreme right-wing ideology،
online hate اور سیاستدان اپنی انتخابی مہم میں اسلاموفوبیا کا نشانہ بناتے ہیں۔
کنزرویٹو لیڈر ”ایرن او ٹول“ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تو ہسپتال میں موجود 9 سالہ فائز کا خیال آرہا ہے کہ جب اس کے علم میں یہ آئے گا کہ اس کے والدین اس دنیا میں نہیں رہے تو اس پر کیا بیتے گی؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مسئلہ کو حل تلاش کرنا ہو گا کہ کینیڈا میں مسلمان مسجدوں میں بھی بلاخوف نماز ادا کر سکیں اور گھروں میں بھی محفوظ رہیں۔
راقم نے آج جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور اپنے یوٹیوب چینل کے لئے مختلف لوگوں سے بات کی جن کے مسلمان افضل کی فیملی سے بڑے قریبی تعلقات ہیں انہوں نے کہا کہ وہ ایک فزیوتھراپسٹ تھے، بڑے با اخلاق اور پابند صوم و صلوٰة شخص تھے اور ان کی مسز نے بھی حال ہی میں پی ایچ ڈی کی ہے۔ ان کی پندرہ سالہ بیٹی یمنا بھی اسکول کی ہونہار بچیوں میں سے تھی آج اس کے اسکول کا پرچم سرنگوں تھا۔ کینیڈا غم میں ڈوبا ہوا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب یا رنگ و نسل سے ہو، مقامی لوگ شدید خوف کے عالم میں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ہم حجاب لے کر اور اپنے روایتی لباس پہن کر باہر نہیں نکلیں گے۔ کیوں کہ شاید بائیں بازو کے سفید فام دہشت گرد انہیں نقصان نہ پہنچائیں۔ لندن شدید دکھ اور اضطراب میں ڈوبا ہوا ہے، ہر طرف سراسمیگی اور سوگوار فضا ہے یہ منظر دیکھ کر کلیجہ منہ کو آتا ہے اس کا تصور کرکے روح کانپ جاتی ہے کہ کوئی شخص اس سفاکی سے معصوم عورتوں، بچوں اور فیملی کو کچل کر موت کی نیند سلا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ٹورنٹو جی ٹی اے میں گھروں کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ لوگ اردگرد کے شہروں میں آباد ہونا شروع ہو گئے ہیں جب کہ سفید فام جی ٹی اے کے اکثر علاقوں سے دور دراز منتقل ہو چکے ہیں، لندن میں سفید فام لوگوں کی اکثریت ہے جب کہ کچھ سالوں سے دوسری کمیونیٹیز بھی یہاں آباد ہونا شروع ہو گئی ہیں کیونکہ یہاں گھروں کی قیمت جی ٹی اے کے مقابلے میں بہت کم ہے جس کو سفید فام اچھا نہیں سمجھتے کہ یہ لوگ ان شہروں کا رُخ کررہے ہیں جہاں وہ آباد ہیں۔ لندن کی دو لاکھ کے قریب آبادی ہے جس کی اکثریت گوروں پر مشتمل ہے۔
ظاہری طور پر تو یہ لوگ محسوس نہیں ہونے دیتے مگر اندر سے بغض رکھتے ہیں۔ اس کے مظاہرے نہ صرف کینیڈا بلکہ پورے مغربی ممالک میں دیکھنے کو ملتے ہیں اور آئے دن نسل پرستی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں اور اب اس کے ساتھ اسلاموفوبیا بھی جوڑ دیا گیا ہے یہ بڑا خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے اس کو اگر قانون سازی سے نہ روکا گیا تو اس کے بڑے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ اس ضمن میں اقوام متحدہ کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا جس کی توقع عبس ہے یا پھر تمام مسلمان ممالک کو یکجا ہونا ہوگا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ملزم گاڑی سمیت گرفتار ہو چکا ہے اور مذکورہ فیملی کا تعلق لاہور سے بتایا جاتا ہے حکومت پاکستان اپنی ایمبسی کے ذریعے حکومت کینیڈا سے رابطہ میں ہے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اس واقع پر تفصیل کے ساتھ بات کی ہے اس کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کے لیڈرز نے بھی اظہار افسوس کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ شہید ہونے والوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے بیٹے اور لواحقین کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور صبر جمیل دے، (آمین)۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں