575

ہالینڈ کے شہر ”یوتریخت“ میں کئی مقامات پر فائرنگ، 3 افراد ہلاک، 9 زخمی

یوتریخت کے میئر جان وان زینن نے ٹوئٹر پرجاری ویڈیو بیان میں کہا کہ ’ اب تک ہم 3 ہلاکتوں کی تصدیق کرسکتے ہیں جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے‘۔ ڈچ انسداد دہشت گردی سروس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہالینڈ کے شہر یوتریخت میں ٹرام پر فائرنگ کے واقعے کے بعد شہر میں کئی مقامات پر فائرنگ ہوئی ہے۔ خبررساں ادارے کے مطابق انسداد دہشت گردی چیف پیٹر جاپ آل برسبرگ نے ہیگ میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’ آج صبح یوتریخت میں مختلف مقامات پر فائرنگ ہوئی ‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ مسلح شخص کی گرفتاری کے لیے پولیس آپریشن جاری ہے‘۔ ڈچ قومی انسداد دہشت گردی سروس کے سرابرہ نے کہا کہ ’ این سی ٹی وی یوتریخت کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، ہم دہشت گردانہ مقاصد کو مسترد نہیں کرسکتے، کرائسس ٹیم متحرک ہے‘۔ یوتریخت میں ٹرام پر فائرنگ سے متعلق ڈچ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ترک نڑاد شخص کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے مشتبہ ترک نڑاد شخص کی تصویر جاری کی ہے جس کا نام 37 سالہ گوک مین ٹینس بتایا گیا ہے اور عوام کو مشتبہ شخص تک رسائی سے خبردار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ہالینڈ کے شہر یوتریخت میں مسلح شخص کی جانب سے ٹرام پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ یوتریخت کے مغربی حصے میں ٹرام اسٹیشن کے قریب واقع اسکوائر کو حکام نے گھیرے لے لیا اور جائے وقوع پر ایمرجنسی سروس سمیت ریسکیو ادارے پہنچ چکے ہیں۔ فائرنگ کا واقعہ 24اوکتو برپلین جنکشن پر مقامی وقت کے مطابق صبح 10بجکر 45منٹ پر پیش آیا اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کے لیے تین ہیلی کاپٹر بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
ہالینڈ کے میڈیا کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جس کی لاش پولیس کو چادر میں لپٹی ہوئی ملی۔ یوتریخت پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاو¿نٹ پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور ہم معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔ پولیس نے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ سڑک سے دور رہیں تاکہ ریسکیو کے کاموں میں مشکلات پیش نہ آئیں۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ واقعہ دہشت گردی ہوسکتا ہے۔ اس حوالے سے پولیس ترجمان برن ہارڈ جینز نے فائرنگ میں دیگر افراد کے ملوث ہونے سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ ہم واقعے کے ذمہ دار کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘۔ جرمن پولیس نے کہا کہ انہوں نے ہالینڈ سے ملحقہ سرحد کی نگرانی بڑھا دی اور یوتریخت میں فائرنگ میں ملوث مسلح شخص کی تلاش میں ہیں۔
سرکاری عمارتوں، ایئرپورٹ کی سیکیورٹی سخت، مساجد و اسکول بند
ڈچ ملٹری پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر سرکاری عمارتوں، ایئر پورٹ اور اہم شاہراہوں کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔ ملٹری پولیس کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’ یوتریخت میں جاری صورتحال کے پیش نظر، نیدرلیںڈز کے تمام ایئرپورٹ اور اہم سرکاری عمارتوں پر روئیل ملٹری پولیس ہائی الرٹ ہے‘۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے وقوع کے اطراف قائم مساجد اور اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ حکام نے یوتریخت میڈیکل سینٹر کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ایمرجنسی سینٹر کو مکمل فعال رکھیں اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کریں۔
کابینہ کا اجلاس ملتوی
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ڈچ وزیر اعظم مارک روٹے نے ہفتہ وار کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا ہے۔ ہالینڈ کے وزیراعظم مارک رت نے کا کہا کہ مقامی انتخابات سے چند روز قبل یہ حادثہ انتہائی پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اور ایئرپورٹ کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ مسلح حملہ آور نے ٹرام پر بلااشتعال فائرنگ کی جبکہ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آور واردات کے بعد گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ڈچ پبلک براڈ کاسٹر این او ایس کے مطابق ایک مزید عینی شاہد نے بتایا کہ ’میں نے خون میں لت پت ایک خاتون کو سڑک پر دیکھا جنہیں میں نے اپنی کار میں لٹادیا تھا، خاتون بے ہوش تھیں جنہیں بعد ازاں پولیس نے ہسپتال منتقل کردیا۔ مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعے کے بعد ٹرام سروس کو منسوخ کردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں