امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئیں 471

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئیں

اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) اسپیکر نینسی پلوسی چین کی تمام دھمکیوں کے باوجود تائیوان پہنچ گئیں جب کہ چین نے اعلان کیا تھا کہ اگر امریکہ کا کوئی طیارہ تائیوان کی حدود میں داخل ہوا تو وہ اسے نشانہ بنائے گا۔ امریکہ کی جانب سے پہلے کہا گیا کہ نینسی پلوسی کا دورہ منسوخ کردیا گیا ہے مگر اچانک چین کی آنکھوں میں دھول جھونک کر وہ تائیوان پہنچ گئیں، سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس دورے کے خطہ پر نہایت منفی نتائج مرتب ہو سکتے ہیں، واضح رہے کہ نینسی پلوسی آئندہ امریکی انتخابات میں صدارت کی دوڑ میں ہیں۔ وہ 1997ءکے بعد تائیوان کا دورہ کرنے والی اعلیٰ ترین امریکی سیاستدان ہوں گی۔ بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز صدر جوبائیڈن اور چینی صدر شی کے درمیان ٹیلی فونک تبادلہ خیال ہوا اور دونوں رہنماﺅں نے باضابطہ طور پر ملنے کا عندیہ بھی دیا۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے 2015ءمیں امریکی نائب صدر کی حیثیت سے چینی رہنما شی کے امریکی دورے میں ان کی میزبانی کی تھی۔ چین کا کہنا ہے کہ تائیوان کے معاملے پر امریکہ اپنے وعدے کی خلاف ورزی اور چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے اور اگر کسی نے بھی تائیوان کو چین سے الگ کرنے کی کوشش کی تو ہم اس کے خلاف اعلان جنگ سے نہیں ہچکچائیں گے اور آخری حد تک جائیں گے جب کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے چین کو متنبہ کیا تھا کہ وہ تائیوان کی سرحدی حدود کے قریب اپنے جنگی جہاز اڑا کر خطرے سے کھیل رہا ہے اور تائیوان پر چین کی جانب سے حملہ ہوا تو امریکا عسکری طور پر اس کا دفاع کرے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نینسی پلوسی کے دورے کے بعد امریکہ اور چین کے تعلقات کیا رُخ اختیار کریں گے، پوری دنیا کی نظریں اس صورتحال کی جانب گڑھی ہیں، چین نے امریکہ کو اپنے نشانہ پر لے لیا ہے اور اپنی افواج کو حالت جنگ میں لے آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں