پاکستان کے مشہور و معروف مزاحیہ پروگرام خبرہار کے پروڈیوسر آفتاب اقبال اور ڈاکٹر اروبا جو کہ آج کل کینیڈا کے دورے پر آئے ہوئے ہیں نے Eawaz ٹی وی اور ریڈیو ساز و آواز کی روح رواں محترمہ عارفہ مظفر کی درخواست پر اپنی ٹیم کے ہمراہ ان کے اسٹوڈیو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عارفہ مظفر کے اسپانسرز اور دوستوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ”کسوٹی“ کا تقریباً ایک گھنٹہ دورانیہ کا پروگرام بھی ان کے چینل پر خصوصی طور پر ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر انہوں نے شراکین محفل کے سوالات کو کسوٹی میں شامل کیا اور ان کے جوابات دیئے۔ محترمہ عارفہ مظفر نے بھی زبان اردو کے حوالہ سے ان سے سوال کیا اور آگاہی حاصل کی۔ واضح رہے کہ آفتاب اقبال مشہور ایونٹ آرگنائزر ناصر شاہ کی دعوت پر کینیڈا کے دورے پر ہیں۔ یہاں انہوں نے سال 2022ءکے دوران دو بار یہاں کے لوگوں کو اپنی ٹیم کے ساتھ تفریح مہیا کی۔ چھ ماہ قبل بھی ایک بڑا پروگرام ناصر شاہ نے ترتیب دیا جس میں تل دھرنے کی جگہ نہ تھی اور اسی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے 25 دسمبر 2022ءکو خبرہار اور قوالی نائٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں آفتاب اقبال، ڈاکٹر اروبا اور پپو رانا نے مزاحیہ پروگرام پیش کیا جس میں قوالی بھی پیش کی گئی۔ قوال ابرار دلدار خان اور ان کے ساتھیوں نے قوالی پیش کی۔ اپنے اس دورے کے دوران آفتاب اقبال نے ناصر شاہ کے ساتھ مل کر ایک نئے ریسٹورنٹ کا آغاز”Open Mic” کے نام سے کیا جہاں عربی اور پاکستانی کھانوں کی وسیع ورائٹی رکھی گئی ہے۔ اس موقع پر میئر برامپٹن پیٹرک براﺅن اور روبی سہوتا نے آفتاب اقبال کو اسکرول پیش کئے۔
270