778

اب میز اور کرسی بھی روبوٹ سے بنوائیں

بوسٹن: میسا چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے ایک ماہر نے بڑھئی حضرات کو خطرات سے بچانے کےلیے لکڑی کاٹنے والا روبوٹ بنایا ہے جو نہ صرف حادثات سے بچاتا ہے بلکہ آپ کےلیے حسبِ خواہش فرنیچر بھی ڈیزائن کرسکتا ہے۔
جیفری لپٹن کو یہ روبوٹ بنانے کا خیال اس وقت آیا جب وہ ایک بڑھئی کے پاس سیکھنے کی غرض سے گئے تو اس بڑھئی نے حادثاتی طور پر اپنی انگلی کاٹ ڈالی۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے جیفری نے اپنی ٹیم کی مدد سے روبوٹ بنائے ہیں جو لکڑی کے شیڈ، میز اور کرسی تیار کرسکتے ہیں۔
جیفری لپٹن کہتے ہیں کہ اس روبوٹ کا مقصد لوگوں کو لکڑی کاٹنے کے دوران ہونے والے حادثوں سے بچانا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روبوٹ ازخود لکڑی کے تختے کا ناپ لیتا ہے اور اسے احتیاط سے کاٹتا ہے۔ اس کا سافٹ ویئر کئی طرح سے فرنیچر ڈیزائن کرنے میں مدد دیتا ہے۔

خاص طور پر پروگرام کردہ روبوٹ ازخود لکڑی کے ٹکڑے کاٹتے ہیں اور انہیں جوڑتے ہیں اور اس کی بدولت آپ من پسند فرنیچر بناسکتے ہیں جس کا سارا کام روبوٹ انجام دیتے ہیں۔
دو روبوٹ لکڑی اٹھانے کا کام کرتے ہیں اور اگر آپ لکڑی کو غیرہموار انداز میں کاٹنا چاہتے ہیں تو روبوٹ اسے بھی ممکن بناتا ہے۔ تاہم نٹ بولٹ کے سوراخ ہاتھوں سے کرنے پڑتے ہیں۔ لیکن جیفری اب ڈرلنگ کے پورے عمل کو مکمل طور پر خودکار بنانے کےلیے روبوٹک پاور ٹولز پر کام کررہے ہیں۔
اگلے مرحلے میں روبوٹ کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ لکڑی کے کاٹے گئے ٹکڑے خود اٹھائے اور انہیں منظم کرکے ایک حتمی شے میں ڈھال سکے۔ جیفری اور ان کے ساتھی دو ماہ بعد آئی ای ای ای کانفرنس برائے روبوٹکس میں اپنے اس نظام کو پیش کریں گے جسے پہلے ہی بہت پذیرائی مل چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں