665

اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی نقول ملزمان میں تقسیم نہ ہوسکیں، سماعت ملتوی

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کےخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ضمنی ریفرنس کی نقول ملزمان میں تقسیم نہ ہونے کے باعث احتساب عدالت نے ریفرنس پر سماعت 5 مارچ تک کےلئے ملتوی کردی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنس نے ریفرنس پر سماعت کی۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ضمنی ریفرنس 26 فروری کو احتساب عدالت میں دائر کیا تھا، جسے سماعت کےلئے منظور کرتے ہوئے عدالت نے تینوں نامزد ملزمان کو آج طلب کیا تھا۔
آج سماعت کے آغاز پر ضمنی ریفرنس میں نامزد 3 میں سے ایک ہی ملزم وقت پر عدالت میں پیش ہوا، دیگر دو ملزمان کے پیش ہونے کےلئے سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کردیا گیا اور عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریفرنس کی کاپیاں 10 بجے ملزمان کو دی جائیں گی۔
بعدازاں 10 بجے سماعت دوبارہ شروع ہوئی، تاہم ملزمان میں ضمنی ریفرنس کی نقول تقسیم نہیں کی جاسکیں۔جس پر احتساب عدالت نے تینوں ملزمان کو عبوری اور ضمنی ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 5 مارچ تک کےلئے ملتوی کردی۔
نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر ریفرنس کی نقول تقسیم کرکے فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں