628

اسمارٹ چشموں سے صرف دیکھیں نہیں بلکہ سنیں بھی

نیویارک: اب اسمارٹ چشمے نہ صرف دیکھنے کے کام آئیں گے بلکہ ان سے سننے کا بھی کام لیا جاسکتا ہے، آرگومینٹڈ ریئلٹی ٹیکنالوجی سے لیس رنگین چشموں میں حساس ہیڈ فونز نصب ہیں جو اطراف کی آوازوں کے معیار کو درست رکھنے اور گفتگو کا ترجمہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
ان اسمارٹ چشموں کی تیاری میں اے آر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جس کے ذریعے مناظر کو ایچ ڈی اور ورچوئل ریئلٹی کے تحت دیکھا جاسکے گا جو خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہوں گے، تاہم گوگل اور اسنیپ چیٹ ٹیکنالوجی سے لیس چشموں کے برعکس ان چشموں میں حیران کن طور پر کیمرا نہیں لگا ہوتا۔

ان چشموں میں کئی فیچرز موجود ہیں جن کی مدد سے آس پاس موجود آڈیو کی کوالٹی کو بڑھایا جاسکتا ہے جب کہ ایپس کے ذریعے ہزاروں آڈیو گانوں کی لائبریری بھی موجود ہوگی۔ چشمے کی ڈنڈیوں میں نصب ہیڈ فون کے ذریعے موسیقی سے صارفین لطف اندوز ہوسکتے ہیں جب کہ سب سے خاص بات ان چشموں کا گفتگو کو ترجمہ کرنا ہے جس کی مدد سے سیاحوں کو کافی سہولت حاصل ہوگی۔
خصوصی فیچرز سے لیس ان چشموں کو صارف اپنے سر کو ہلانے سے بھی کنٹرول کرسکتے ہیں تاہم اسنیپ چیٹ اور گوگل چشموں کے برعکس انہیں کیمرے یا موبائل فون کی طرح استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ اسمارٹ چشمہ تیار کرنے والی کمپنی کے مطابق چشمے کی تیاری تیزی سے جاری ہے اور ممکن ہے کہ رواں سال کے آخر تک یہ چشمے مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں