343

اسپرین کا مسلسل اور طویل استعمال کینسر سے بچانے میں مددگار

بولونا، اٹلی: اسپرین دل کے امراض اور فالج سے بچانے والی ایک جادوئی دوا تصور کی جاتی رہی ہے۔ اب اس کے بارے میں مزید شواہد ملے ہیں کہ یہ کئی اقسام کے سرطان سے بھی بچاتی ہے۔
بہت سارے مطالعات اور سائنسی رپورٹوں کے تجزیاتی جائزے یعنی میٹا اسٹڈی سے معلوم ہوا ہے کہ اسپرین نظامِ ہاضمہ اور معدے وغیرہ کے سرطان کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس ضمن میں بعض طبی آزمائشیں بھی کی گئی ہیں۔
اطالوی سائنسدانوں نے اپنی توجہ اسپرین کے طویل عرصے تک استعمال اور نظامِ ہاضمہ کے سرطان کے درمیان تعلق کا بطورِخاص مطالعہ کیا ہے۔ اس مطالعے میں کل 113 تحقیقات کا جائزہ بھی لیا گیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ اسپرین لبلبے اور جگر کے سرطان کو بھی روکتی ہے۔ معلوم ہوا کہ اگر ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ اسپرین کا استعمال کیا جائے تو کئی طرح کے کینسر کو لاحق ہونے سے روکا جاسکتا ہے۔ یعنیآنتوں کے سرطان میں 27 فیصد، معدے کے کینسر میں 36 فیصد اور لبلبے کے کینسر میں 22 فیصد تک کمی ہوسکتی ہے۔ اگر اسپرین کی خوراک کی مقدار اور اسے کھانے کا دورانیہ بڑھا دیا جائے تو اس سے مزید فائدہ بھی ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر 75 سے 100 ملی گرام اسپرین استعمال کی جائے تواستعمال نہ کرنے والے کے مقابلے میں اس سے کینسر کا خطرہ 10 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ اسی طرح 325 ملی گرام اسپرین اس خطرے کو 35 فیصد تک ٹال دیتی ہے جبکہ 500 ملی گرام اسپرین کی خوراک 50 فیصد تک سرطان کوروک سکتی ہے۔
تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ مسلسل پانچ سے دس برس تک اسپرین کھانے کو معمول بنائیں کیونکہ جیسے جیسے دورانیہ بڑھے گا اسپرین کا فائدہ بھی بڑھتا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں