اس ننھی سی ڈسک پر 74 کروڑ صفحات سما سکتے ہیں! 295

اس ننھی سی ڈسک پر 74 کروڑ صفحات سما سکتے ہیں!

سیول: سام سنگ نے مختصر سالڈ اسٹیٹ ڈرائیوز کی نئی نسل متعارف کروائی ہے جن میں ڈیٹا کی گنجائش 1 ٹیرابائٹ (1024 گیگابائٹ) سے لے کر 8 ٹیرابائٹ (8192 گیگابائٹ) تک ہے۔ تاہم اسی حساب سے یہ بہت مہنگی بھی ہیں۔
اپنی آسانی کےلیے یوں سمجھ لیجیے کہ اگر کسی ڈسک ڈرائیو کی گنجائش 1 ٹیرابائٹ ہو تو اس میں انگریزی متن کے 9 کروڑ 22 لاکھ صفحات سما سکتے ہیں۔ اس حساب سے 8 ٹیرابائٹ والی ڈسک ڈرائیو میں تقریباً 74 کروڑ صفحات جتنے مواد کی گنجائش ہوگی۔
اگرچہ اس سے پہلے بھی سب سے زیادہ گنجائش والی سالڈ اسٹیٹ ڈرائیوز بنانے کا ریکارڈ بھی سام سنگ الیکٹرونکس ہی کے پاس ہے جن میں 30.72 ٹیرابائٹ ڈیٹا محفوظ کیا جاسکتا ہے تاہم ان کی جسامت خاصی زیادہ تھی۔
سالڈ اسٹیٹ ڈرائیوز کی مذکورہ نئی نسل میں بھی ”کیو ایل سی“ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس کے ذریعے کم سے کم جگہ میں زیادہ سے زیادہ ڈیٹا محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ اسی بنائ پر ان ہارڈ ڈرائیوز کی جسامت صرف 2.5 انچ ہے۔
فی الحال ”870 کیو وی ڈی ساٹا ایس ایس ڈی“ کے عنوان سے چار نئی ڈرائیوز پیش کی جارہی ہیں جن کی گنجائش 1 ٹیرابائٹ، 2 ٹیرابائٹ، 4 ٹیرابائٹ اور 8 ٹیرابائٹ ہے جبکہ ان کی قیمت بالترتیب 130 ڈالر، 250 ڈالر اور 500 ڈالر ہے تاہم ابھی تک 8 ٹیرابائٹ والی ایس ایس ڈی ڈرائیو کی قیمت نہیں بتائی گئی ہے۔
ان تمام ماڈلز میں ڈیٹا ٹرانسفر کی رفتار 530 میگابائٹ فی سیکنڈ سے 560 میگابائٹ فی سیکنڈ کے درمیان ہے۔
واضح رہے کہ درجنوں ٹیرابائٹ گنجائش والی ہارڈ ڈرائیوز برسوں سے دستیاب ہیں لیکن اوّل تو وہ جسامت میں خاصی بڑی ہیں جبکہ دوسری جانب وہ اس قدر مہنگی ہیں کہ انہیں صرف مخصوص افراد اور ادارے ہی خرید سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں