امریکی صدارتی انتخابات 2020: جوبائیڈن کامیاب قرار، ڈونلڈٹرمپ کا نتائج ماننے سے انکار 558

امریکی صدارتی انتخابات 2020: جوبائیڈن کامیاب قرار، ڈونلڈٹرمپ کا نتائج ماننے سے انکار

واشنگٹن (پاکستان ٹائمز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ وہ موجودہ انتخابات کے نتائج کو نہیں مانتے کیونکہ ان انتخابات میں اُن سے دھوکہ کیا گیا ہے اور فراڈ کے ذریعہ ان کی جیت کو ہار میں بدلا گیا ہے۔ امریکی تجزیہ نگاروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ جو کچھ کہہ رہے ہیں یا جو کچھ مستقبل میں کریں گے وہ امریکہ کی تاریخ میں حیران کن ہے۔ جن ریاستوں سے وہ کامیاب ہو گئے وہاں کے سسٹم پر انہیں کوئی اعتراض نہیں مگر جہاں سے وہ الیکشن ہارے ان ریاستوں کے الیکشن سسٹم کو تنقید کا نشانہ بنانا بدترین زیادتی سے تعبیر کیا جائے گا۔ امریکہ کے صدر ہوتے ہوئے انہیں اپنے ملک کے سسٹم کو یوں تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہئے۔ کچھ دیر قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ الیکشن جیت چکے ہیں مگر مستقل جاری ووٹنگ کے ذریعہ انہیں شکست سے دوچار کیا جارہا ہے اور وہ شدید ناراض دکھائی دیئے انہوں نے میڈیا کے سامنے اپنے جذبات کا اظہار تو کیا مگر کسی سوال کا جواب دیئے بغیر واپس چلے گئے۔ امریکی تجزیہ نگار اس بات پر حیران ہیں کہ کس طرح ٹرمپ امریکہ بھر سے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی سے قبل خود کو جیتا ہوا سمجھ رہے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ اگر لیگل ووٹ کاﺅنٹ کئے جائیں وہ جیت چکے ہیں۔ یعنی جارجیا، نواڈا اور پنسلوینیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے ووٹنگ کی گنتی میں جو تاخیر ہوئی اُسے وہ فراڈ سے تعبیر کررہے ہیں اور یوں امریکی صدر ہوتے ہوئے خود انہوں نے نہ صرف اپنے ملک کے سسٹم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے بلکہ انہوں نے امریکی عوام کے جذبات کو بھی مجروح کیا ہے جو الزامات وہ لگا رہے ہیں اُن کی کوئی بنیاد نہیں۔ نہ ہی اُس کا کوئی ثبوت انہوں نے پیش کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں