654

امریکی یونیورسٹی میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک

مشی گن: امریکا میں مشی گن سینٹرل یونیورسٹی میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشی گن سینٹرل یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مرنے والے دو افراد طالب علم نہیں تھے۔
مشی گن ریاست کی پولیس کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی چوتھی منزل پر واقع کیمپ بیل ہال میں فائرنگ کی گئی جب کہ فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت ایک سیاہ فام جیمز ایرک ڈیوس کے نام سے ہوئی جس کی عمر 19 سال ہے۔ مشتبہ شخص کا قد 5 فٹ 9 انچ اور بال چھوٹے ہیں۔ جائے وقوع سے فرار کے وقت مشتبہ شخص کو زرد رنگ کی جینز اور نیلے رنگ کی ہوڈی پہنے دیکھا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد یونیورسٹی کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ یونیورسٹی اور اطراف میں واقع اسکولز،اسپتال اور دفاتر کو بند کردیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری یونیورسٹی کے اندر اور باہر تعینات کردی گئی۔ تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوع سے ابتدائی شواہد اکٹھے کرلیے اور اب پولیس یونیورسٹی اور اطراف میں لگے کیمروں کی فوٹیج حاصل کررہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں