اندرون سندھ ضلع مٹیاری کے غریب، مستحقین میں گرم ملبوسات کی تقسیم 206

اندرون سندھ ضلع مٹیاری کے غریب، مستحقین میں گرم ملبوسات کی تقسیم

شکاگو/ہیوسٹن/کراچی (رپورٹ: جمال صدیقی ”پاکستان ٹائمز“) پاکستان ہیریٹیج فاﺅنڈیشن (امریکہ)، پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن (امریکہ) کے صدر جناب سلمان رزاقی اور ان کے کراچی میں نمائندہ خصوصی ندیم ہاشمی اور طاہرہ بیگم میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر محترمہ شائستہ غماری، جنرل سیکریٹری سید عبدالباسط، جناب بشیر احمد جمالی اور سید عبدالھادی نے اندرون سندھ ضلع مٹیاری کے ایک گاﺅں گوٹھ جمالی میں غریب اور مستحقین جن میں جمالی، کھوسہ، ہندو کولی اور دوسری برادری کے لوگ بھی شامل تھے، میں گرم ملبوسات کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔ تقریباً 300 افراد جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے جو گرم ملبوسات سے مستفیض ہوئے۔ ان گرم ملبوسات کا انتظام امریکہ کی دو انتہائی فعل اور معروف تنظیموں ”پاکستان ہیریٹیج فاﺅنڈیشن“ اور ”پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن“ نے کیا۔ صدر جناب سلمان رزاقی اور ٹیم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر کیا۔ سندھ کی معروف اور فعال سماجی انجمن ”طاہرہ بیگم میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن“ نے ٹرانسپورٹ لاجسٹکس، قیام و طعام اور گرم ملبوسات کی تقسیم کا بھرپور انتظام و انصرام کیا تھا۔ پاکستان ہیریٹیج فاﺅنڈیشن کے کراچی میں نمائندہ خاص ندیم ہاشمی اور ان کی والدہ ماجدہ محترمہ شمیم فاطمہ نے بھرپور مدد و رہنمائی فرمائی۔ اس سخت سردی میں مقامی لوگوں میں ان گرم ملبوسات کی تقسیم سے خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ لوگوں کے چہروں کے تاثرات دیدنی تھے اور زبان پر دعاﺅں کا ورد جاری تھا۔
اس سلسلے میں جہاں سلمان رزاقی کا نام آتا ہے تو وہاں ان کے معتمد ساتھی جناب عارف خان کا نام بھی یاد رکھنا چاہئے جنہوں نے اپنی فیکٹری میں دن و رات ایک کرکے یہ گرم ملبوسات تیار کئے۔ اپنی کوالٹی کے اعتبار سے ان ملبوسات کا کوئی جواب نہیں تھا۔ دوسری جانب طاہرہ بیگم میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداران بالخصوص چیئرپرسن محترمہ شائستہ بخاری، بشیر احمد جمالی، سید عبدالھادی بخاری اور جنرل سیکریٹری جناب عبدالباسط کی ساتھی جمیلہ کی بدولت اس خوبصورت اور یادگار تقریب کا انعقاد ممکن ہو سکا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن شائستہ بخاری نے جناب سلمان رزاقی اور ان کی تنظیموں اور اس کے تمام عہدیداران اور بالخصوص ندیم ہاشمی اور محترمہ شمیم فاطمہ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ سلمان رزاقی صاحب کے لئے دعائے خیر بھی کی گئی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ خلق خدا کی خدمت سے قلب کو جو سکون ملتا ہے اس کا مزہ کسی اور چیز میں نہیں۔ محترمہ شمیم فاطمہ نے کہا کہ خلق خدا کی خدمت عین عبادت ہے۔ نمائندہ خصوصی ندیم ہاشمی نے اپنے خطاب میں پاکستان ہیریٹیج فاﺅنڈیشن کی سماجی سرگرمیوں کا اجمالی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے تنظیم کے صدر جناب سلمان رزاقی کو زبردست الفاظ میں آئندہ بھی اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ طاہرہ بیگم میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سید عبدالباسط نے کہا کہ نیکی کا کام دونوں جہانوں میں انسان کو نفع فراہم کرتا ہے تو نیکی کے کام کرتے رہنے چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں