776

انڈے کی سفیدی صحت کے لیے فائدہ مند؟

انڈے اکثر افراد کے ناشتے کا لازمی جزو ہوتے ہیں اور اسے صحت کے لیے فائدہ مند مانا جاتا ہے، جسے آملیٹ، فرائی، ابال کر یا کئی طرح سے پکایا جاسکتا ہے۔ مگر اکثر افراد یہ بحث کرتے ہیں کہ انڈوں کا استعمال جسمانی کولیسٹرول کی سطح بڑھانے کا باعث بنتا ہے اور اس کی وجہ زردی کو قرار دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ متعدد افراد زردی کی بجائے صرف سفیدی کا انتخاب کرتے ہیں مگر کیا صرف اسے کھانا صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے ؟

کولیسٹرول سے پاک
اگر انڈے کی زردی نکال دی جائے تو اس میں غذائی کولیسٹرول موجود نہیں رہتا، تو جو لوگ بلڈ کولیسٹرول کا شکار ہوں تو وہ انڈے کی سفیدی کھا سکتے ہیں، جس سے امراض قلب کا خطرہ نہیں بڑھتا یا کولیسٹرول کی سطح نہیں بڑھتی۔

پروٹین سے بھرپور
انڈے پروٹین سے بھرپور غذا ہے خصوصاً زردی، مگر سفیدی میں بھی کم چربی والی پروٹین کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو کہ جسم کے لیے فائدہ مند ہے۔ یہ پروٹین مسلز بنانے کے ساتھ ساتھ بے وقت کھانے کی اشتہا کی روک تھام کرکے پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھتا ہے۔

کم کیلوریز والی غذا
انڈے ویسے بھی زیادہ کیلیوریز والی غذا نہیں، مگر زردی کو نکال دیا جائے تو یہ کیلوریز اور کم ہوجاتی ہیں۔ تو اگر جسمانی وزن میں کمی کے خواہشمند ہیں تو پورے انڈے کی بجائے سفیدی کا انتخاب جادوئی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

بلڈ پریشر صحت مند سطح میں رکھنے میں مددگار
انڈے کی سفیدی میں موجود پوٹاشیم ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے اور اسے صحت مند سطح پر رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ پوٹاشیم ایسا جز ہے جو دل اور ہڈیوں کی صحت کے ساتھ ان کے افعال میں مدد دیتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق انڈوں کی سفیدی میں ایک جز آر وی پی ایس ایل موجود ہوتا ہے جو کہ بلڈ پریشر کی سطح کو کم کرتا ہے۔

خون کی شریانوں کے امراض کا خطرہ کم کرے
سفیدی میں موجود بلڈپریشر کو کم کرتا ہے جس کے نتیجے میں خون کی شریانوں کے امراض کا امکان بھی کم ہوتا ہے۔ یہ غذا ایسے عمل کو بہتر کرتی ہے جو کہ خون کی شریانوں کو کشادہ کرتا ہے، جس سے خون کی روانی ہموار رہتی ہے اور خون کی بلاکنگ کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اہم وٹامنز سے بھرپور
انڈے کی سفیدی اہم وٹامنز جیسے اے، بی 12 اور ڈی سے بھرپور ہوتی ہے، ان میں سب سے اہم وٹامن بی 2 ہے جو کہ عمر بڑھنے سے مسلز میں آنے والی تنزلی، موتیا اور آدھے سر کے درد سمیت دیگر عوارض کا خطرہ کم کرتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں